پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

محتسب پنجاب ، 240 شہریوں کو 23 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگی

لاہور :(بیوروچیف) محتسب پنجاب نے شہریوں کے مالی مسائل کے حل میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ مؤثر، بروقت اور فعال اقدامات کے نتیجے میں پنجاب بھر کے 240 شہریوں کو مجموعی طور پر 230 ملین روپے سے زائد کی واجب الادا رقوم ادا کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ ادائیگیاں شادی کے وظائف، ریٹائرمنٹ کے موقع پر واجبات، وفات کے وظائف، چھٹیوں کی انکیشمنٹ، خاندانی پنشن، گروپ انشورنس، جی پی فنڈ اور مالی ریلیف کی مد میں کی گئیں۔ متاثرہ شہریوں نے متعلقہ سرکاری محکموں کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی پر محتسب پنجاب سے رجوع کیا تھا۔

محتسب پنجاب نے شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کیں، جس کے نتیجے میں واجبات کی ادائیگی ممکن ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق 110 شہریوں کو بقایا جات کی مد میں 191.832 ملین روپے، 29 شہریوں کو خاندانی پنشن کے طور پر 9.950 ملین روپے، 7 شہریوں کو وفات کے وظائف کی مد میں 1.935 ملین روپے، 57 شہریوں کو شادی کے وظائف کے طور پر 14.5 ملین روپے،آٹھ شہریوں کو مالی ریلیف کی مد میں تین لاکھ نوے ہزار روپے، 21 شہریوں کو جی پی فنڈ سے 10.039 ملین روپے، چار شہریوں کو گروپ انشورنس کی مد میں پانچ لاکھ پچھترہزار روپے جبکہ چار شہریوں کو ریٹائرمنٹ کے موقع پر گرانٹ کی مد میں آٹھ لاکھ پچیس ہزار روپے ادا کیے گئے۔

محتسب پنجاب نے اس موقع پر شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے بروقت حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ادارہ انصاف کی فوری اور آسان فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتا رہے گا۔ دوسری جانب واجبات کی بروقت ادائیگی پر شہریوں نے محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور اسے عام آدمی کے لیے ایک مؤثر فورم قرار دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button