سرکاری گندم کا اجرا،آٹا،روٹی مہنگی نہیں ہونے دیں گے:ڈی جی فوڈامجد حفیظ

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیرنقوی) ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب امجد حفیظ نے بتایا ہے کہ صوبے میں گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے سرکاری گندم ذخائر کے اجراء کا آغاز کر دیا گیا ہےاور سرکاری گندم 3,800 روپے فی 40 کلوگرام کے نرخ پر جاری کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس نرخ میں بتدریج مزید کمی لائی جائے گی اس سلسلے میں پاسکو (PASSCO) کی ایک ملین میٹرک ٹن گندم بھی حکومتِ پنجاب کے محکمہ خوراک کو منتقل کی جا رہی ہے تاکہ صوبے میں گندم کی وافر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں کو کسی صورت بڑھنے نہیں دیا جائے گا اور یہ بنیادی اشیائے خورونوش صوبے کے عام شہریوں اور غریب طبقات کی دسترس میں رکھی جائیں گی۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب میں بتایا کہ سرکاری ذخائر کا اجراء ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت جاری رہے گا اور مارکیٹ میں قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



