بھارت کی جارحانہ بیٹنگ ، پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست
لاہور،(سلمان حسین)ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے دوسرے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کا 172 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

اوپنر بیٹر ابھیشک شرما نے پاکستانی باؤلرز کے خلاف جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے39 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز کی اننگز کھیلی، ٹاپ آرڈر بلے باز کو ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
شمبن گل 28 گیندوں پر47 رنز بنا کرفہیم اشرف کا شکار بنے، بھارتی کپتان سوریا کمار یادو دوسری ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ سنجو سیمسن 13 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔
تلک ورما 30 اور ہاردیک پانڈیا 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کے حارث رؤف نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، ٹاپ آرڈر بلے باز صاحب زادہ فرحان نے شاندار 45 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 5 چوکے اور 3 چھکے بھی لگائے۔
پاکستانی بیٹرز نے بیٹنگ کے آغاز کے ساتھ ہی حریف باؤلرز کے خلاف جارحانہ شارٹس کھیلے۔
اوپنر بلے باز فخر زمان 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، تاہم ان کے کیچ کو بیشتر کرکٹرز نے مشکوک قرار دیا۔
ٹاپ آرڈر بلے باز صائم ایوب 17 گیندوں پر 21، حسین طلعت 11گیندوں پر 10 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ محمد نواز 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے شیوم دھوبے نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، کلدیپ یادو اور ہاردیک پانڈیا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
واضح رہے کہ ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ایک بار پھر ہاتھ ملانے سے اجتناب کیا۔
روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم مقابلے میں پاکستان کی پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، حسین طلعت اور فہیم اشرف کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔
ٹاپ آرڈر بلے باز حسن نواز اور اسپنر صفیان مقیم کو اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، فخر زمان، محمد حارث، صاحب زادہ فرحان اور محمد نواز شامل ہیں، حسین طلعت، فہیم اشرف، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ گروپ اسٹیج میں بھارتی ٹیم ناقابل شکست رہی تھی جب کہ پاکستان ٹیم نے 2 میچز میں فتح اپنے نام کی اور اسے ایک مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔



