پنجاب اسمبلی:عمران خان پر پابندی کی قرارداد منظور
لاہور:(بیوروچیف)بانی پی ٹی آئی عمران خان پر پابندی لگانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سے منظور کر لی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی طاہر پرویز نے ایوان میں پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک کے خلاف بیان بازی کرکے انتشار پھیلانے اور پاکستان کے مخالف دشمن ملک کی آلہ کار پارٹی اور اس کے بانی و لیڈر پر پابندی لگائی جائے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ جو لیڈران پاکستان کی سالمیت و استحکام کے خلاف بات کرتے ہیں، خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی و غیر سیاسی پارٹی سے ہو ان کے خلاف ملکی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور ان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان پاکستان کے استحکام حفاظت کےلیے کام کرنے والے اداروں کے جوانوں اور ان کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روز سی این این اردوڈاٹ کام نے خبر دی تھی کہ شریف خاندان نے جاتی امرا میں اتوار کے روز اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی تاکہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال، خصوصاً اپوزیشن جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مستقبل اور پنجاب کی انتظامیہ میں ممکنہ تبدیلیوں پر مشاورت کی جا سکے۔
حکمران خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی تھی۔
2 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس ملاقات میں پی ٹی آئی کی آئندہ چند دنوں میں ممکنہ حکمتِ عملی اور وفاقی و پنجاب حکومتوں کے مؤثر جواب پر غور کیا گیا تھا۔
گفتگو کا محور یہ سوال بھی تھا کہ عمران خان کی اپنی جماعت میں موجودہ حیثیت کیا ہے، اور آیا پی ٹی آئی قیادت اپنے قید بانی کی رہنمائی پر انحصار جاری رکھے گی یا پھر سابق وزیرِاعظم کے خلاف اسٹیبلشمنٹ کے اب تک کے سخت ترین ردعمل کے بعد خود کو ان سے دور کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے مختلف سیاسی اور معاشی اقدامات کے بارے میں بھی اسٹیبلشمنٹ کے نقطہ نظر کا جائزہ لیا، جو مسلم لیگ (ن) کی حکومتیں اختیار کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، مریم نواز نے پنجاب کابینہ کی حال ہی میں تیار کی گئی کارکردگی رپورٹ پر اپنے والد اور چچا کو بریفنگ دی، جس میں آڈٹ کے ذریعے سامنے آنے والی نمایاں خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے اپنی کابینہ میں ردوبدل اور نئے وزرا کی شمولیت کے ذریعے حکومت کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے اپنے ارادے کا اظہار بھی کیا تھا۔



