انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

سعودی عرب نے 3ارب ڈالر کے ڈیپازٹ رول اوور کر دیئے، معاہدے پر دستخط

مالی معاونت بیرونی مالی پوزیشن کو مزید مضبوط کریگی، تمام قرض دہندگان کی ذمہ داریاں بروقت پوری کی جارہی ہیں ، محمد اورنگزیب

واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی موجودگی میں سعودی ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سعودی ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کے حوالے سے معاہدے کی تقریب امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہوئی، جس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے شرکت کی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی ( ایس ڈی ایف) اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان طے پایا، جس کے تحت اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے 3ارب ڈالر کے سعودی ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی۔ معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے پاکستان کے بیرونی مالی استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔ دریں اثنا وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026کے موقع پر چین کے وزیر خزانہ لان فوآن اور پیپلز بینک آف چائنہ کے گورنرز سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں چین اور پاکستان کے درمیان مالی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق اور دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کا عزم کیا گیا۔ اس وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے چین کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا، اور آئی ایم ایف میں چین کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
وزیر خزانہ نے اپنے چینی ہم منصب کو پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی ( ای ایف ایف) کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی( آر ایس ایف) کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ مکمل ہو چکا ہے، جس کی منظوری مئی کے آغاز میں متوقع ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ ادا کر دیا ہے اور سعودی عرب سی نمایاں اضافی مالی معاونت بھی حاصل کی ہے، جس سے بیرونی مالی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
انہوں نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، جو مالی وسائل کو متنوع بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ وزیر خزانہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر چینی وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی مالی معاونت اہم ہے جو بیرونی مالی پوزیشن کو مزید مضبوط کریگی۔
وزیرخزانہ نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس کے موقع پرموڈیز کے نمائندگان سے ملاقات کی جس میں معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے یورو بانڈ کی ادائیگی کامیابی سے مکمل کرلی ہے، تمام قرض دہندگان کی ذمہ داریاں بروقت پوری کی جارہی ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button