قونصلیٹ آف جاپان کراچی کے تعاون سے کلچرل پروگرام ،فنکاروں کی شاندار پرفارمنس
کلچرل پروگراموں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضوط ہوں گے:سید فیروز شاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ کے زیر اہتمام قونصلیٹ آف جاپان کراچی کے تعاون سے کلچرل پروگرام منعقد کیا گیاجو جاپان اور پاکستان کی ثقافت ،روایات کا ایک حسین امتزاج تھا۔

کلچرل پروگرام میں جاپان کے ساکائی انٹرنیشنل کمیونٹی آرٹس گروپ نے خصوصی شرکت کی اور اپنی جاندار پرفارمنس، برجستہ مکالموں اور گانوںکی پرفارمنگ آرٹ سے سامعین سے خوب داد تحسین وصول کی۔
میڈم جنکو ماتسوکا اورساکائی انٹرنیشنل کمیونٹی آرٹس گروپ فنکاروںکی شاندار پرفارمنگ آرٹ نے سماءباندھ دیا اور کچھ سامعین ان کی شاندار کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے اورآبدیدہ ہوگئے ،کلچرل پروگرام میں پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈاور پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز شاہ نے خصوصی شرکت کی۔

پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ کی صدر سابق گورنر سندھ حکیم محمدسعیدکی صاحبزادی سعدیہ رشید ان کے علاوہ محمد عظمت شیگیوکی اتاکا سمیت دیگر معززمہمانوں نے شرکت کرکے کلچرل پروگرام کو چار چاند لگادیئے۔پرفارمنگ آرٹ کلچرل پروگرام نے شرکاءکو جاپان کی ثقافتی اور فنکارانہ وراثت کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔
جاپان کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل ہاتوری ماسارو نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور جاپان اور پاکستان کے عوام کے درمیان باہمی تفہیم کو گہرا کرنے میں ثقافتی تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ نے کہا کہ جاپان قونصلیٹ کراچی میں منعقد ہونے والا کلچرل پروگرام جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں، فنکارانہ نمائشوں اور پرفارمنسز کا حسین امتزاج تھا،کلچرل پروگراموں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضوط ہوں گے۔جاپان قونصلیٹ کراچی مستقبل میں جاپان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلے اور دوستی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پراُمید ہیں۔



