لاہور(بیورچیف سے)نواب ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں ناقص کھانا کھانے سے 200سے زائد افراد کی حالت خراب ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پو لیس کے مطابق خیابان کے رہائشی سرفراز کے گھر شادی کی تقریب تھی ، اس نے دی ہال مارک ایونٹس مارکی بک کروائی جہاں انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کو ناقص کھانا دیا گیا۔
تقریب میں 360 سے زائد مہمان مدعو تھے، کھانا کھانے کے بعد 200سےزائد مہمانوں کو متلی اور پیٹ خراب ہونے کی شکایت ہوئی جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ہسپتال میں مریضوں اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے واقعہ کا نوٹس لے کر مارکی بند کروا دی۔
پولیس نے مارکی کے مالک کے خلاف فوڈ اتھارٹی افسر محمد عارف شہزاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔پولیس کے مطابق مہمانوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تفصیلی تحقیقات کیلئے نمونے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔



