غزہ: اسرائیلی حملے، 58فلسطینی شہید، جھڑپوں میں صیہونی فوجی ہلاک
خوراک تقسیم کے مراکز پر رسد کی کمی سے بھوک خطرناک سطح تک پہنچ گئی، مقبوضہ علاقے میں 3دن بعد انٹرنیٹ بحال
غزہ (وییب ڈیسک ) غزہ میں تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید 58فلسطینی شہید ہوگئے، مقبوضہ علاقے میں 3دن بعد انٹرنیٹ کی سہولت بحال ہوگئی جبکہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔ الجزیرہ نے مقامی صحت حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 58فلسطینی شہید ہو گئے۔
جن میں سے کئی فلسطینی امریکی حمایت یافتہ غزہ ہیومینیٹیرین فائونڈیشن ( جی ایچ ایف) کے امدادی مرکز کے قریب شہید ہوئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سنائپر فائرنگ اور بمباری سے امدادی مراکز پر خوراک کے متلاشی 11فلسطینی شہید ہوئے، خوراک کی تقسیم کے مراکز پر رسد کی کمی کی وجہ سے بھوک خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اتھارٹی کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی میں 3روزہ بلیک آئوٹ کے بعد انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے، جس کا الزام اسرائیلی فوج پر عائد کیا جا رہا ہے۔
ریگولیٹری ادارے کے سی ای او، لیث دارغمہ نے کہا کہ اب پوری غزہ پٹی میں نیٹ ورک فعال ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی وزارتِ مواصلات نے رواں ہفتے کے آغاز میں اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے فائبر آپٹک کیبل کو نشانہ بنانے کے بعد انٹرنیٹ اور فکسڈ لائن مواصلات بند ہو گئے تھے، اسرائیل نے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔وزارت مواصلات کا کہنا تھا کہ مرمت کرنے والی ٹیمیں ابتدا میں ان علاقوں تک محفوظ طریقے سے رسائی حاصل کرنے سے قاصر رہیں جہاں نقصان ہوا تھا۔
فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے کہا کہ انٹرنیٹ بلیک آئوٹ نے ان کی امدادی سرگرمیوں کو متاثر کیا کیونکہ فیلڈ میں موجود ایمرجنسی ریسپانڈرز سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، ادارے نے اس بندش کا ذمہ دار بھی اسرائیل کو ٹھہرایا۔ دوسری جانب ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں جھڑپ کے دوران آر پی جی کے حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والا 21سالہ سارجنٹ فرسٹ کلاس ( ریزرو) نوام شیمش کفیر بریگیڈ کی شمشون بٹالین میں سکواڈ کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا ۔
فوج کے ابتدائی تحقیقات کے مطابق شیمش آر پی جی حملے میں ہلاک ہوا، جبکہ اسی واقعے میں ایک اور فوجی معمولی زخمی ہوا۔ تازہ ترین ہلاکت کے بعد غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران مارے گئے صیہونی فوجیوں کی تعداد 430تک جا پہنچی ہے۔ ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ جب دنیا کی توجہ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع پر مرکوز ہے، تو اسرائیلی فوج غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملے مزید تیز کر سکتی ہے۔



