لاہور(ویب ڈیسک )فضائی آلودگی میں کمی کے بعد حکومت پنجاب نے لاہور اور ملتان میں بھی کل سے اسکول کھولنے کا اعلان کر دیا۔واضح رہے کہ فضائی آلودگی کم ہونے پر گزشتہ روز لاہور اور ملتان کے علاوہ صوبے بھر میں (آج) سے اسکول کھولنے کا حکم دیا تھا۔پنجاب کے محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا، تمام تعلیمی ادارے 20 نومبر سے کھلیں گے، فزیکل کلاسزکے ساتھ تدریسی عمل بھی بحال ہوگا۔نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اسکول صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے نہیں کھلیں گے، طلبہ اور اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔محکمہ ماحولیات کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں میں بیرونی کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے کلاس وائز اسکول کی چھٹی کا وقت متعین کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز (18 نومبر) کو حکومت پنجاب نے فضائی آلودگی کم ہونے پر لاہور اور ملتان کے علاوہ صوبے بھر میں اسکول (آج) منگل سے کھولنے کا حکم دے دیا تھا۔جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ بالائی حصوں میں بارشوں کے نتیجے میں پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضائی صورتحال بہتر ہوئی ہے، لہٰذا لاہور اور ملتان کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے 19 نومبر (منگل) سے دوبارہ کھل جائیں گے۔



