مریم نواز کی ہدایت پر جشن آزادی کی رنگا رنگ تقاریب،قومی پرچموں کی بہار
بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں، ظلم برداشت نہیں کروں گی، وزیراعلیٰ پنجاب، جھنگ میں لڑکی پر تیزاب ڈالنے کے واقعہ کا نوٹس
لاہور :(سلمان حسین) وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشن آزادی کی سرگرمیاں تیز ہوگئیں ۔ 79واں جشن آزادی منانے کی تقریبات کے دوسرے دن پنجاب میں تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر رنگا رنگ تقاریب کا انعقاد کیاگیا۔پنجاب بھر میں قومی پرچموں کی بہار آ گئی، گلیاں، بازار، چوک چوراہے، راستے خوبصورتی سے سجا دیئے گئے ۔
گجرات، خانیوال، ساہیوال، خوشاب میں بھی جشن آزادی کی سرگرمیاں تیز ہو گئیں، جھنگ، وہاڑی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، چنیوٹ، سرگودھا، چکوال میں بھی تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔ جہلم میں وزیراعلی پنجاب کے مشیر صحت اظہر کیانی نے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی، پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔ اظہر کیانی سمیت دیگر افراد نے جشن آزادی پر خاص طور پر تیار کردہ کئی میٹر طویل پرچم کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے کی خصوصی تقاریب کے انعقاد اور گھروں کو جھنڈیوں اور پرچموں سے سجانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سکولوں میں بھی مختلف تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے جھنگ کے علاقے میں لڑکی پر تیزاب ڈالنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔وزیر اعلیٰ نے موضع محرم سیال میں تیزاب گردی کے واقعہ پر سخت غم وغصہ کا اظہار کیا ۔
وزیراعلیٰ نے آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی اورملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ بشری فاطمہ کے بہترین علاج کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلی نے کہاکہ بیٹیاں سانجھی ہوتی ہیں، ظلم برداشت نہیں کروں گی۔



