پنجاب کا کلچر یتیم نہیں رہا، سنبھالنے والے آگئے، عظمیٰ بخاری
وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے فنکاروں کیلئے الگ ہائوسنگ کالونی بنانا چاہتی ہیں
لاہور ( بیوروچیف) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پنجابی کلچر ڈے شاندار طریقے سے منایا جارہا ہے۔ پنجاب کا کلچر اب یتیم نہیں رہا اس کو سنبھالنے والے آگئے ہیں۔ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف خود فنکاروں کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب، پنجاب کے فنکاروں کیلئے ایک الگ ہائوسنگ کالونی بنانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ، پنجابی کلچر ڈے کو سرکاری سطح پر شان و شوکت سے منایا جارہا ہے، جس کا باضابطہ آغاز وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیسٹیول تین روز تک جاری رہے گا۔
جو شام 7بجے سے رات 10بجے تک الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں منعقد ہوگا۔ فیسٹیول میں پنجاب بھر سے شہری اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کر رہے ہیں۔
جہاں ہر روز پنجابی فنکار اپنی ثقافتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کا کلچر اتنا رچ اور رنگا رنگ ہے کہ اسے تین دنوں میں سمیٹنا مشکل ہے۔



