بونیر،سرگودھا،،بالاکوٹ،اوکاڑہ(ویب ڈیسک،نمائندگان) بونیر اور بالاکوٹ میں گاڑیاں کھائی میں جاگریں، میانوالی چشمہ روڈ پر ڈمپر نے کار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 13افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا ریجن کے علاقہ میانوالی سے چشمہ روڈ پر صبح سویرے تیز رفتار ڈمپر اور کار کے تصادم میں خاتون سمیت 5سوار جاں بحق ہو گئے جن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے بتلایا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر کی تحصیل مندنڑ کے علاقے زورو ڈھیرہ میں گاڑی کھائی میں جا گری۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 4 خواتین اور 12 سالہ بچہ شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ڈگر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بالاکوٹ میںجیپ کھائی میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ پارس میں لوہگی کے مقام پر پیش آیا جہاں جیپ بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گری، حادثے میں فیصل شاہ اور صداقت شاہ نامی دو افراد موقع پر دم توڑ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں کو کھائی سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سانگلہ ہل کے نواحی گاں چک نمبر 42 مرڑ سیم کے قریب تیز رفتار وین اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوا ، اطلاع پا کر ریسکیو 1122 کا عملہ وہاں پہنچا، حادثہ میں 1 شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا ۔اوکاڑہ کے نواحی قصبہ اللہ پور پاکپتن روڈ دیپالپور کے قریب تیز رفتار کار ٹائر پھٹنے کے باعث موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 35سالہ اعظم ولد نور محمد اور 8سالہ عدیل ولد اشرف جاں بحق ہو گئے۔
جبکہ 30سالہ عمر ولد نور محمد شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو1122ٹیم نے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔



