اماراتی صدر کا دورہ پاکستان، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سے ملاقات، تجارت، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
نور خان ایئر بیس پر شیخ محمد بن زاید النہیان اور شہباز شریف کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ، 21توپوں، جے ایف 17طیاروں کی سلامی: پاکستان کے ساتھ تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینگے، صدر UAE
اسلام آباد، دبئی ( ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور پاکستان نے دو طرفہ تجارت اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس پر پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے طیارے سے باہر آئے تو وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے یو اے ای کے صدر کو پھول پیش کئے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیراعظم کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ یو اے ای کے صدر کو 21توپوں کی سلامی بھی دی گئی، جبکہ اس سے قبل جیسے ہی ان کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے انہیں سلامی دی۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں نور خان ایئر بیس پر باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جس کا انہوں نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان کا متحدہ عرب امارات کے صدر سے تعارف کرایا جبکہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کرایا۔ بعد ازاں یو اے ای کے صدر نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم شہباز شریف کے مابین تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے جاری تعاون کے شعبہ جات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مختلف شعبوں میں روابط کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر غور کیا۔
دونوں فریقین نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرا سٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا جس میں دونوں ممالک کے لیے باہمی مفاد کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ و تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کی۔
پاکستان حکام کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور سٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دے گا۔ دریں اثنا متحدہ امارات کے صدر اسلام آباد کا دورہ مکمل کر کے واپس چلے گئے۔ مزید برآں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بھی وزیراعظم کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے جمعہ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ یہ صدر متحدہ عرب امارات کی حیثیت سے ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔
پاکستان آمد پر شیخ محمد بن زاید النہیان کا نہایت پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے معیشت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں باہمی فائدہ مند ترقی کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔
باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رہنمائوں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ دریں اثنا متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے کے بعد کہا ہے کہ امارات دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیاں نے کہا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوئوں بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور خوش حالی یقینی بنائی جا سکے۔ محمد بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں اور امارات دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔



