انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

دورہ ترکیہ: وزیرِ اعظم عالمی رہنمائوں کی توجہ کا مرکز، خوشگوار ملاقاتیں

پاک، ترک تعاون بڑھانے پر اتفاق، پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے، اردوان کی یقین دہانی

انطالیہ، اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے نے اپنے دورہ ترکیہ کے دوران انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر مختلف عالمی رہنمائوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، قطر کے امیر تمیم بن الحمد الثانی، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیف، آذربائیجان کے صدر الہام علیئف، شامی صدر احمد الشرح سے ملاقاتیںکیں۔
وزیر اعظم کی قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آلثانی اور کوسوو کی سابق صدر ویوسا عثمانی سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقاتیں خوشگوار ماحول میں ہوئیں اور ان میں عالمی و علاقائی صورتحال، خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ان ملاقاتوں کے دوران عالمی رہنمائوں کی توجہ کا مرکز رہے، جبکہ پاکستان کے سفارتی کردار پر بھی بات چیت ہوئی۔ جبکہ امریکہ کے صدر کے مشیر برائے عرب اور افریقی امور مسعد بولوس کی بھی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ۔
شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا اور کہا کہ ٹرمپ کے کردار کے باعث گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔ وزیراعظم نے لبنان میں جنگ بندی پر بھی صدر ٹرمپ کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان کی امن کوششوں، جنگ بندی اور تاریخی اسلام آباد مذاکرات پر گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
امریکی مشیر نے صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، امریکی مشیر نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے میں امریکہ کی دلچسپی کا بھی اعادہ کیا گیا۔ مزید برآں وزیراعظم نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی صدر ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ہوئی۔ شہباز شریف نے ایکس پر لکھا ہے کہ امید ہے لبنان میں جنگ بندی پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی، پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ مزید برآں وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی اہم دوطرفہ ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی، اقتصادی تعاون کے فروغ اور علاقائی امن کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ رجب طیب اردوان نے وزیراعظم کا ترکیہ آمد پر خیرمقدم کیا اور انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ترک صدر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ترکیہ پاکستان کی ان کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے فورم کے کامیاب انعقاد پر ترک صدر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ فورم اب ایک اہم عالمی پلیٹ فارم کی حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔
انہوں نے انطالیہ میں قیام کے دوران ملنے والی روایتی ترک مہمان نوازی پر صدر اردوان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے حالیہ علاقائی صورتحال، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کے بدلتے ہوئے حالات پر گہری گفتگو کی۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات کی بحالی سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دونوں لیڈروں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی و علاقائی حالات میں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دیرپا اور مستحکم امن کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ اس سال کے آخر میں انقرہ میں ’’ اعلیٰ سطح کی تزویراتی تعاون کونسل (HLSCC)‘‘ کا آٹھواں اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ مزید برآں، جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں لیڈروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button