لاہور، اسلام آباد ( ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 32روپے 12پیسے فی لٹر کمی کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم ہائوس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ڈیزل کی قیمت 385.54روپے سے کم ہوکر 353.43روپے ہوگئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو جس قدر جلدی ممکن ہو عوام تک پہنچائیں گے۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر توانائی اویس لغاری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی کوششوں سے لبنان میں جنگ بندی ہوئی اور آبنائے ہرمز بھی کھول دی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جلد کمی آئے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اویس لغاری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کو ایک بڑا موقع ملا، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھر پور کوششوں سے پاکستان عالمی امن کا علم بردار بنا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ان شاء اللہ ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کی فراوانی بھی بہتر ہوگی۔
دریں اثنا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 38ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز کی ادائیگی کردی گئی۔ ترجمان اوگرا کے مطابق 34آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 38ارب روپے کے پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کی ادائیگی کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کی طرف سے خلیج میں جنگ کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا پورا اضافہ صارفین کو منتقل نہیں کیا گیا تھا۔ حکومت نے 129 ارب روپے سے زیادہ دی تھی، پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کے ذریعے پٹرول اور ڈیزل پر دی جانے والی سبسڈی کی رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ادائیگی کیلئے اوگرا کو ذمہ داری سونپی گئی۔
ترجمان کے مطابق اوگرا نے وفاقی حکومت کے فیصلے کو ایک باقاعدہ طریقہ کار کے تحت نافذ کیا، جس کی حکومت سے منظوری بھی حاصل ہے، اس طریقہ کار کا مقصد کلیمز کی جانچ پڑتال اور ادائیگی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔



