لاہور:(بیوروچیف)سی ٹی او لاہور نے ٹریفک وارڈن پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تشدد کرنے والوں کے خلاف پرچہ درج کرنے کا حکم دے دیا، تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ مزنگ میں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈن نے فینسی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ پر گاڑی کو روکا توکار سوار وکلا اور ساتھی نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی جبکہ مزید ساتھیوں کو بلا کر وارڈن کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔
وکلا اور ساتھیوں کے تشدد سے ٹریفک وارڈن کا دانت ٹوٹ گیا اور وردی بھی پھٹ گئی۔
قریب کھڑے راہگیروں نے واقعہ کی ویڈیو بنا لی تھی۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ میری فورس کا ہر جوان میرے لیے اہمیت کا حامل ہے، کار سرکار میں مداخلت اور وارڈنز پر تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،قانونی کارروائی ہو گی۔



