بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی کی کارروائیوں پردستاویزی فلم جاری
پی ٹی وی کی دستاویزی فلم میں منظم پراکسی جنگ ، بھارت اور بی ایل اے کے درمیان خطرناک گٹھ جوڑ کو نمایاں کیا گیاہے
لاہور:(ویب ڈیسک )بھارتی ایجنسی را کے بلوچستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے سے متعلق پی ٹی وی نے چشم کشا انکشافات پر مبنی ڈاکومنٹری جاری کر دی۔یہ دستاویزی فلم پاکستان کے خلاف بھارت کی منظم پراکسی جنگ کو بے نقاب کرتی ہے۔
ڈاکومنٹری میں بھارت اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے درمیان خطرناک گٹھ جوڑ کو نمایاں کیا گیا ہے یہ گٹھ جوڑ فتنہ الہندوستان کے نام سےجانا جاتا ہے۔ یہ ایک گھنائونا گٹھ جوڑ ہے جس کی جڑیں بغاوت اور علاقائی عدم استحکام سے جڑی ہوئی ہیں۔
دستاویزی فلم پی ٹی وی ورلڈ کے عمیق تحقیقاتی کام کا نتیجہ ہے۔بھارتی مداخلت کی جڑیں اس کے ہندوتوا نظریے اور اسٹریٹجک ذہنیت میں پیوست ہیں جس کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں بھارتکے کردار کے بارے میں وزیر اعظم مودی کا عوامی اعتراف ایک شرمناک لیکن ناقابل تردید حقیقت ہے۔15-2014 کے بعد سے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کی طرف سے پیش کردہ نظریہ، اور بلوچستان کی تقسیم کے حوالے سے سبرامنیم سوامی کے بیانات، ہندوستان کی دانستہ اور جارحانہ پالیسی کے واضح اشارے ڈاکومنٹری کا حصہ ہیں۔
بلوچستان میں دہشتگردوں کی پراکسیوں کی بھارتی حمایت، چاہے وہ جعفر ایکسپریس حملہ ہو، خضدار میں سکول کے بچوں پر گھنائونا حملہ ہو، یا بلوچستان سے بھارتی را کے کارندے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہو اس پر موثر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ سچائی عوامی ریکارڈ پر لائی گئی ہے کہ نئی دہلی اور دیگر بھارتشہیروں میں بہت سے فتنہ الہند عسکریت پسندوں کی میزبانی اور سہولت کاری کی گئی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کے ہاتھوں معرکہ حق میں بھارت کی ذلت آمیز شکست کے بعد بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے زیر اہتمام حملوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈاکومنٹری کے مطابق بی ایل اے کے دہشتگردوں کو بھارت کی مالی اور لاجسٹک مدد کا پہلے ہی غیر ملکی سفارتکاروں اور آزاد تجزیہ کاروں نے اعتراف کیا ہے۔ یہ دستاویزی فلم ایک واضح، شواہد پر مبنی بیانیہ پیش کرتی ہے جو بھارت کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کرتی ہے اور پاکستان میں دہشتگردی اور بغاوت کےپیچھے اصل چہرے کو بے نقاب کرتی ہے۔
اس میں پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم تمام پراکسیوں اور ان کے ہینڈلرز کو شکست دینے کے لیے مضبوط اور متحد ہے۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے اپنی پراکسیوں کی پشت پناہی کرنے پر دنیا کو بھارت کا احتساب کرنا چاہیے۔



