انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

غزہ: صیہونی حملے، غذائی قلت، مزید 51فلسطینی شہید : راہداری کھولی جائے، حماس کا مطالبہ

یمن کا تل ابیب پر میزائل حملہ، بھگڈر سے کئی یہودی زخمی: نیدر لینڈز کے وزیر خارجہ اسرائیل پر پابندیاں لگانے میں ناکامی پر مستعفی

غزہ، صنعا، جینوا ( ویب ڈیسک ) غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق قحط کے اعلان کے بعد غذائی قلت کے باعث مزید 8افراد، جن میں 2بچے بھی شامل ہیں، شہید ہو گئے ہیں۔ جبکہ قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کہ اسرائیلی حملوں میں گزشتہ روز غزہ بھر میں کم از کم 51فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں سے 16افراد وہ ہیں، جو امداد کے منتظر تھے۔
طبی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے شمال مغرب میں اسداع کے علاقے میں اسرائیلی توپخانی نے بے گھر خاندانوں کے خیموں کو نشانہ بنایا، جس میں 16افراد شہید ہوئے، جن میں 6بچے بھی شامل ہیں۔
وسطی غزہ میں، مغازی پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 2افراد شہید ہوئے، خان یونس کے جنوب مشرق میں امداد کے انتظار میں کھڑے ایک فلسطینی کو اسرائیلی فوج نے گولی مار کر شہید کر دیا۔
اسی طرح ایک اور عام شہری، جو امداد لینے گیا تھا، اسرائیلی کنٹرول والے نتساریم کوریڈور کے قریب گولیوں کا نشانہ بنا۔ ادھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے قحط زدہ قرار دئیے گئے غزہ کیلئے راہداری کھولی جائے۔ عرب میڈیا کے مطابق حماس نے مطالبہ کیا کہ جنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور اسرائیل فوری طور پر غزہ کا محاصرہ ختم کرے۔
حماس نے بیان میں مزید کہا کہ اسرائیل غزہ میں قحط کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ ادھر یمن کے حوثیوں نے اسرائیل پر میزائلوں سے حملہ کر دیا جس کے بعد تل ابیب میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق میزائل حملے کے ساتھ ہی وسطی اسرائیل میں سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ یمن کے حوثیوں کی طرف سے فائر کیے گئے میزائل کے فضا میں ہی ٹکڑے کر دئیے گئے۔ دوسری جانب ڈچ وزیر خارجہ کاسپر ویلڈکیمپ نے غزہ پر اسرائیلی فوجی حملوں کے خلاف مزید پابندیاں لگانے کے لیے کابینہ کی حمایت حاصل نہ ہونے پر استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں زمین پر جو کچھ ہو رہا ہے، میں دیکھ رہا ہوں، غزہ سٹی پر حملہ، مغربی کنارے میں کارروائیاں، متنازعہ سیٹلمنٹ ای 1کی منظوری اور مشرقی یروشلم کے حالات دیکھ رہا ہوں۔
ڈچ وزیر خارجہ کے استعفے کے بعد نیو سوشل کنٹریکٹ جماعت سے تعلق رکھنے والے تمام وزراء اور ریاستی سیکرٹریوں نے بھی یکجہتی کے طور پر نگران حکومت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button