جامشورو ہسپتال میں نئے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سنٹر کا افتتاح
ماں اور بچے کی صحت ترجیح ہے: ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو،ہسپتال پاک جاپان دوستی کی علامت ہے:سید فیروز عالم شاہ، سید ندیم شاہ
کراچی(ہیلتھ رپورٹر) لیاقت یونیورسٹی ہسپتال جامشورو میں نئے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سنٹر کا افتتاح کردیا گیا ۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،جاپانی سفیر سوئچی اکاماتسو، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو،پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ ،جائیکا کے چیف میاتا سان ، سیکرٹری ہیلتھ سندھ ریحان اقبال بلوچ،ڈاکٹر دبیر ،ایم پی اے ڈاکٹر سکندر علی شورو، ایم پی اے ملک سکندر خان، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سہیل احمد شورو، کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی، ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر قادری سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور معززین نے شرکت کی۔
صوبہ سندھ کے شہر جامشورو میں جائیکا کے فنڈ سے زچہ و بچہ کی صحت کی بہترین دیکھ بھال کیلئے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئرسنٹرکا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال کا منصوبہ جولائی 2018 میں شروع ہوا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے تحت 331 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوا، جس کے نتیجے میں 128 نئے بستر شامل کیے گئے اور مجموعی گنجائش 856 بستروں تک جا پہنچی ہے۔
پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ نے تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال پاکستان اور جاپان کے باہمی تعلقات اور تعاون کا زندہ ثبوت ہے جبکہ یہ ہسپتال پاک جاپان دوستی کی علامت ہے۔
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے بلوچستان (کوئٹہ)سید ندیم عالم شاہ نے کہا کہ گورنمنٹ آف جاپان نے پاکستان کے صوبہ سندھ کو صحت کے شعبے میں ایک جدید ہسپتال تحفے میں دیکر دُکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کی بہترین مثال قائم کی ہے ،سندھ کے شہر جامشورو میں واقع یہ ہسپتال کوئی معمولی عمارت نہیں بلکہ ایک اُمید اور صحت کی نئی روشنی کے مترادف ہے اس ہسپتال میں ماں اور بچے کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہوکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ماں اور بچے کی صحت کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا ہے، اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے ذریعے سالانہ پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، سندھ میں ماں اور بچے کی شرح اموات میں نمایاں کمی ایک بڑی کامیابی ہے اور اس نئے ہسپتال کی بدولت چوبیس گھنٹے طبی خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہو گا،سندھ حکومت کی پالیسی ہے کہ زچگی کے دوران کوئی ماں اپنی جان سے نہ جائے اور ہر بچے کو صحت مند زندگی میسر ہو۔



