حسن نصر اللہ ، ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ ادا،10لاکھ افراد کی شرکت
نماز جنازہ بیروت میںادا،ایرانی عہدیداروں سمیت 65ممالک کی 800شخصیات شریک ہوئیں،حزب اللہ اب بھی مضبوط، نعیم قاسم
بیروت،غزہ،واشنگٹن(ویب ڈیسک)حزب اللہ کے رہنمائوں شہید حسن نصر اللہ اور ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس کے بعد دونوں رہنمائوں کی باقاعدہ تدفین کردی گئی۔ خبر رساں اداروںکے مطابق نماز جنازہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سپورٹس سٹیڈیم میں اداکی گئی جس میں 10لاکھ افراد شریک ہوئے،ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت 65 ممالک کی تقریباً 800 شخصیات نے بھی شرکت کی۔ لبنان کے صدر جوزف عون کے نمائندوں اور ملک کے وزیراعظم نے بھی حزب اللہ کے رہنمائوں کے جنازوں میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ یاد رہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو 27 ستمبر 2024 کو تنظیم کے زیر زمین ہیڈ کوارٹر پر بمباری کرکے اسرائیلی فوج نے شہید کیا تھا،حسن نصر اللہ کی جگہ حزب اللہ کی قیادت ہاشم صفی الدین نے سنبھالی تاہم انہیں بھی اگلے ہی ماہ اکتوبر 2024 کو شہید کر دیا گیا تھا۔
نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ مزاحمت ختم نہیں ہوئی، حزب اللہ اب بھی مضبوط ہے اور اسرائیل کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالم امریکا کا اپنے ملک پر قبضہ منظور نہیں۔دوسری جانب حزب اللہ رہنمائوں کی نماز جنازہ کے دوران جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی فضائی جارحیت جاری رہی اور جنوبی لبنان کے علاقوں قلیلہ، انصار، جناتہ، بارش اور معروب میں فضائی کارروائی کی۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوجی طیاروں نے حلوسیا اور زیراریہ کے درمیانی علاقے پر بھی حملہ کیا تاہم جانی نقصان یا زخمیوں کے حوالے سے واضح نہیں کیا گیا۔
نیتن یاہو گھنائونا کھیل کھیل رہے، حماس:غزہ فلسطینی علاقے کا لازمی حصہ، چین: امریکیوں کی اکثریت ٹرمپ منصوبے کی مخالف
دریںاثنا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی جانب سے 6 یرغمالیوں کی رہائی کے کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی طے شدہ رہائی موخر کردی ہے جس پر حماس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کیلئے گھنائونا کھیل کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں قیدیوںکی رہائی کا منظر دو اسرائیلی یرغمالیوں نے گاڑی سے دیکھا، حماس نے ویڈیو بھی جاری کردی، دونوں یرغمالیوں نے اپنی حکومت سے رہائی ممکن بنانے کی اپیل کی۔مصرکے وزیر خارجہ بدرعبدالعاطی کا چین کے وزیرخارجہ وانگ ای سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال سمیت مشرق وسطی میں قیام امن اور استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔چینی وزیر خارجہ نے کہاکہ غزہ فلسطینی علاقے کا لازمی حصہ ہے۔ادھر امریکیوں کی اکثریت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کردی۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز اور اپسوس کی جانب سے کیے گئے حالیہ سروے میں شامل ڈیموکریٹ ووٹرز میں سے 88 فیصد نے اس منصوبے کی مخالفت کی جبکہ 9 فیصد نے اس کی حمایت کی۔ دوسری جانب ری پبلکن ووٹرز میں سے 46 نے اس منصوبے کی مخالفت کی جبکہ 50 فیصد نے اس کی حمایت کی۔ مجموعی طور پر سروے میں شامل 68 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کی جبکہ صرف 25 فیصد نے اس کی حمایت کی۔



