پاکستانتازہ ترین

5اگست کا جلسہ سیمی فائنل، ظلم کیخلاف عوام کوخود میدان میں آنا ہوگا:سہیل آفریدی

ظلم، ناانصافی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی جاری،بانی کی صحت سے قوم کو لاعلم رکھنا غیر قانونی، بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں، مسائل آئین کے مطابق حل ہونے چاہئیں

 

 

پشاور:(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پانچ اگست کو شام چھ بجے پشاور ٹول پلازہ پر مجوزہ جلسے کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے خیبرپختونخوا کے عوام بالخصوص نوجوانوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ظلم، ناانصافی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوام کو خود میدان میں آ کر اپنی آواز بلند کرنا ہوگی۔

پانچ اگست کا جلسہ ایک "سیمی فائنل” ثابت ہوگا جس میں اہم اعلانات کیے جائیں گے۔پانچ اگست کے جلسے کی ضرورت و اہمیت کے حوالے سے عوام کے نام پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت انتہائی تشویشناک ہے اور اس کے باوجود ان کے ذاتی معالجین کی نگرانی میں علاج کا آئینی اور قانونی مطالبہ پورا نہیں کیا جا رہا۔

عمران خان کو غیر قانونی طور پر تنہائی میں رکھا گیا ہے جبکہ اہل خانہ، پارٹی رہنماوں، ذاتی ڈاکٹروں اور ان کے بیٹوں سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔ عمران خان کی صحت اور حالت سے قوم کو لاعلم رکھنا غیر قانونی ہے، ان کے ساتھ اغوا شدہ شخص جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ عمران خان کو انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا، مقدمات کی سماعت اور عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد بھی نہیں ہو رہا۔

وزیراعظم،سپیکر، چیف جسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت تمام متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔میں عمران خان کا نمائندہ ہوں، عوام نے عمران خان کے نام پر ووٹ دیا اور خیبرپختونخوا میں ان کے وژن پر عملدرآمد عوام کا واضح مینڈیٹ ہے۔

تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کرنے کے بعد احتجاج ہی واحد راستہ باقی بچا ہے۔ گزشتہ دو برس سے احتجاج سے گریز کیا گیا، اس کے باوجود ملاقاتوں پر پابندیاں برقرار رکھی گئیں۔ عمران خان کو جھکانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی کیونکہ وہ جیل میں رہ کر بھی آزاد ہیں جبکہ موجودہ حکمران اقتدار میں رہ کر بھی غلام ہیں۔ حکمران عوام کے مفادات کے بجائے اپنے لانے والوں کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں ، یہاں تک کہ بلوچستان اور کشمیر جیسے اہم قومی معاملات پر بھی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں، تمام سیاسی اور قومی مسائل آئین اور قانون کے مطابق حل ہونے چاہئیں۔ معیشت تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت کی تمام تر توجہ عمران خان کو پابندیوں میں رکھنے پر مرکوز ہے۔چند افراد اپنی انا کی خاطر پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں لیکن پاکستان کا نوجوان ایسا ہرگز نہیں ہونے دے گا۔ پاکستان کو عظیم ملک بنانے اور قوم کو متحد کرنے کی صلاحیت صرف عمران خان میں ہے اور وہ پاکستان کی وحدت اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔

میرےخلاف نو مئی کے مقدمات بریت کے باوجود دوبارہ کھول دیے گئے اور نئی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ 28 اور 29 جولائی کو مزید مقدمات بھی مقرر کیے گئے ہیں، تاہم نہ ڈرتے نہ جھک سکتے ہیں، نہ ہی مجھے خریدا جا سکتا ہے۔ مرتے دم تک عمران خان کے نظریے پر قائم رہیں گے اور کوئی طاقت مجھےاس راستے سے ہٹا نہیں سکتی۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button