چیوڑابیس ریزارٹ ٹی ڈی سی پی کا شاندار منصوبہ،الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز کا خصوصی دورہ

لاہور:(کلچرل رپورٹر) تحصیل مری کے خوبصورت پہاڑی علاقے کوٹلی ستیاں میں قائم ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (TDCP) کے نئے سیاحتی منصوبے چیوڑا بیس ریزارٹ نے ملکی میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کر لی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے مختلف معروف الیکٹرانک میڈیا چینلز کے ٹورازم بیٹ رپورٹرز نے ریزارٹ کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر بیس سے زائد صحافیوں نے ریزارٹ میں موجود جدید سہولیات سے آراستہ گلمپنگ پوڈز اور دلکش ٹری ہاؤسز میں کا دورہ کیا اور قدرتی حسن سے بھرپور ماحول کو خوب سراہا۔ ریزارٹ میں جدید طرز اور منفرد فن تعمیر پر سات گلمپنگ پورڈذ اور چار ٹری ہائوسز تیار کئے گئے ہیں اور ریسٹورنٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس کے علاؤہ آرچری، اے ٹی وی رائیڈرز ، سٹار گیزنگ جیسی تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر صحافیوں کو ریزارٹ میں فراہم کی جانے والی جدید رہائشی سہولیات، ماحولیاتی ہم آہنگی پر مبنی تعمیرات، اور سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے ریزارٹ کے منفرد تصور، اعلیٰ معیار اور سیاح دوست سہولیات کو بے حد سراہتے ہوئے اسے پنجاب میں سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
صحافیوں کا کہنا تھا کہ چیوڑا بیس ریزارٹ نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی ایک پرکشش مقام ثابت ہوگا، جو خطے میں سیاحت اور مقامی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ٹی ڈی سی پی نے پٹریاٹہ ٹاپ پہ بھی چار نئے ٹری ہاؤسسز قائم کئے ہیں جن کا مقصد ماحول دوست سیاحت کا فروغ اور سیاحوں کو منفرد انداز میں قیام کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ تمام منصوبے اس خطے میں سیاحت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہونگے۔محکمہ سیاحت ایسے منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے خوبصورت اور کم دریافت شدہ علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے اور معیاری سیاحتی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔



