پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

کائونٹر نارکوٹکس فورس قائم، پنجاب سے منشیات کا جلد خاتمہ ہوجائیگا :مریم نواز

پنجاب 18ویں آئینی ترمیم کے تحت سپیشلائزڈ فورسز قائم کرنیوالا پہلا صوبہ،CNFکی پاسنگ آئوٹ پریڈ ، وزیراعلیٰ کی شرکت

لاہور ( بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) پنجاب 18آئینی ترمیم کے تحت سپیشلائزڈ فورسز قائم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا، 2018ء میں 18ویں آئینی ترمیم کے تحت ہر صوبے کو سپیشلائزڈ فورسز بنانے کا مینڈیٹ ملا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں متعدد سپیشلائزڈ فورسز قائم کی گئیں، پنجاب نے پہلی وائلڈ لائف فورس، انوائرمنٹ فورس، فاریسٹ اور پیرا فورس بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔منشیات کے سدباب کے لئے پہلی صوبائی کائونٹر نارکوٹکس فورس بنانے کا اعزاز بھی پنجاب کو حاصل ہوا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قائم صوبائی فورسز موثر اور پروفیشنل کارروائی کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پاکستان کی پہلی کائونٹر نارکوٹکس فورس کی باقاعدہ لانچنگ کی، پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں وزیراعلیٰ نے خصوصی شرکت کی۔ کائونٹر نارکوٹکس فورس کی جنرل سلامی، افسران اور فورس نے حلف اٹھایا، وزیراعلیٰ نے پرچم سپرد کیا، مریم نواز نے جوانوں سے ملاقات کی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مزین گاڑیوں اور آلات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے سی این ایف لیڈیز سٹاف کا مارچ پاسٹ دیکھ کر اظہار مسرت کیا، اس موقع پر ڈی جی سی این ایف بریگیڈیئر مظہر اقبال نے فورس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کیلئے پہلے فیز میں 866اسامیوں پر بھرتی کی گئی، پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کو تمام ڈویژن میں فنکشنل کر دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کی ہر ڈویژن میں سی این ایف کے سٹیشنز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹس قائم ہوچکے ہیں، دوسرے مرحلے میں سی این ایف کا دائرہ کار ضلعی سطح تک بڑھایا جائے گا۔
سی این ایف کے افسران اور جوانوں کو اے این ایف اکیڈمی راولپنڈی میں 12ہفتے کی پروفیشنل تربیت دی گئی۔ جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے جوانوںکو دیکھ کر بے حد مسرت ہوئی۔ کائونٹر نارکوٹکس فورس کی صورت میں پاکستان اور پنجاب کا مستقبل محفوظ نظر آرہا ہے۔ ڈی جی سی این ایف بریگیڈئیر مظہر نے نہایت کم عرصے میں ایک بہترین سپیشلائزڈ فورس قائم کر کے دکھائی جس پر انہیں شاباش دیتی ہوں۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی این ایف فورس کی باڈی لینگویج سے نظر آتا ہے کہ پنجاب سے منشیات کا جلد خاتمہ ہوجائے گا۔ پاکستان کی آبادی 65فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں منشیات سے بچانا ہے۔ آبادی تب ہی ملک کی طاقت بنتی ہے جب منشیات سے دور ہوکر تعلیم اور صحت پر توجہ دے۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے قیام پر بہت خوش ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قلیل مدت میں مضبوط انسداد منشیات فورس کا قیام لائق تحسین ہے۔
اینٹی نارکوٹکس کے ذریعے جلد پورے پنجاب سے منشیات کا خاتمہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا تو والدین کی طرف سے درخواستیں آئیں کہ ہمارے بچوں کو منشیات سے بچایا جائے۔ المیہ ہے کہ منشیات ہر گلی، ہر محلے، ہر یونیورسٹی اور ہر سکول تک بھی پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے کنٹرول کیلئے ایک سپیشلائزڈ فورس کا قیام نا گزیر تھا۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس میں بہترین لوگوں کو سو فیصد میرٹ پر سیلکٹ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام ڈویژن میں پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس فنکشنل ہو چکی ہے اور بہت جلد تمام اضلاع میں سی این ایف فنکشنل ہو جائے گی۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے لئے 12ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 850جوان و افسر سیلکٹ ہوئے۔ سی این ایف کا حصہ بننے والے تمام افسران اور جوانوں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتی ہوں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جیسے ہر بیماری کا علاج پینا ڈول سے نہیں ہوتا اسی طرح جرم کا خاتمہ ایک ہی فورس سے نہیں ہو سکتا۔ بڑی آبادی کے مسائل کے حل کے لئے ایک سپیشلائزڈ ڈیپارٹمنٹس کی ضرورت تھی۔ پنجاب میں کوئی بھی مشکلات آتی ہیں تو کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو کہا جاتا ہے، جس پر وہ تمام کام چھوڑکر ایک کام کی طرف ہو جاتے ہیں۔ مہنگائی، ذخیرہ اندوزی، تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف پیرا جیسا ادارہ قائم کیا ہے۔ پیرا نے لاہور ڈویژن کے اندر کام شروع کر دیا ہے۔ پنجاب میں ہر مسئلے کے خاتمے کیلئے سپیشلائزڈ فورسز قائم کر رہے ہیں۔
پنجاب پولیس میں ایک سپیشلائزڈ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے چند ہفتوں میں کرائم پر کنٹرول کیا ہے۔ سی سی ڈی کی وجہ سے کرمینل معافیاں مانگ رہے اور مساجد میں اعلانات کر رہے ہیں۔ سی سی ڈی کی بدولت پورے پنجاب میں کرائم کی شرح نیچے جارہی ہے۔ بعض اضلاع میں روزمرہ ہونے والے کرائم بہت کم ہوگئے ہیں۔ بڑی آبادی میں جرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے سپیشلائزڈ ڈیپارٹمنٹ کی اشد ضرورت تھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس گلی محلے اور شہروں کو منشیات سے پاک کریں گے۔
کسی خاندان میں ایک بھی منشیات کا عادی جوان پورے خاندان کے لئے مشکلات کا باعث بنتا ہے۔ پرامید ہوں کہ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس پوری ایمانداری سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے جوان گلی، محلوں، ڈسٹرکٹ، شہر اور پورے صوبے سے منشیات کے زہر کو نکال باہر پھنکیں۔
مریم نواز نے پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے جوانوں کو لالچ اور کمزوری نہ د کھانے کی ہدایت بھی کی۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے آنے والے نسلوں کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامید ہوں اور دعاگو ہوں کہ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس اپنے ملک اور پنجاب کا فخر بنے گی۔ اب پنجاب میں مسائل پر مصلحت نہیں ہوگی بلکہ حل ہوگا، سی این ایف کے کندھوں پر نسل کو بچانے کی بھاری ذمہ داری عائد ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب دماغی بیماریوں کی روک تھام، علاج اور آگاہی کیلئے کوشاں ہے۔
صحت مند دماغ ہی مثبت سوچ اور تعمیری فیصلوں کی بنیاد رکھتے ہیں۔ مریم نواز نے ورلڈ برین ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی دماغ خالق کائنات کی بے مثال تخلیق ہے۔ ورلڈ برین ڈے ہمیں دماغی امراض پر توجہ دینے کی یاد دلاتا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے گلگت بلتستان میں سیلاب سے ماں بیٹے سمیت متعدد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button