لاہور:(سید ظہیر نقوی)لاہور کے علاقہ ساندہ میں مبینہ طور پر خاونداور سگی بہن کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون رداکے بچوں کی سسکیوں نے عرش ہلا کررکھ دیا۔

مقتولہ ردا کو چند روز قبل شوہر شمشادنے جس کا مقتولہ کی بہن سمرا سے چکر چل رہا تھا تیز دھار آلہ سے قتل کیا تھا ، دونوں نے منصوبہ بندی سے قتل کی گھناؤنی واردات کی تھی ۔
ردا کے قتل کے بعد اس کی معصوم بیٹی اور کمسن بیٹا ماں کی یاد میں رو رو کر ہلکان ہوگئے ،حالات کی ستم ظریفی ہے کہ ایک طرف ماں کا سایہ ہمیشہ کیلئے سرسے چھن گیا دوسری جانب والد کی شفقت سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
ردا کے بارے میں اہل محلہ کا کہنا ہے کہ نہایت شریف خاتون تھی جو ہروقت بچوں کاخیال رکھتی تھی اوران کی دیکھ بھال دل وجان سے کرتی تھی بچے ماں کو پکارتے رہتے ہیں اور ہر آنے جانے والے سے ماں کو واپس لانے کی دہائی دیتے ہیں۔
ننھے پھول اس وقت اپنی نانی کے ہاں مقیم ہیں جو خود بیوہ عورت ہے جس کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں نہ ہی بچوں کی بہتر کفالت کرسکتی ہے جبکہ بچوں کے دو ماموں ہیں وہ بھی سفید پوش ہیں ،بچوں کی کفالت بھی مشکل ہو پارہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لے کر ایس پی اقبال ٹاؤن بلال احمد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی تھی ڈی ایس پی ذکریا یوسف ، ایس ایچ او ساندہ رضوان خاں اور ٹیم نے 24 گھنٹوں میں قاتل کو گرفتار کر لیا تھا ۔
ایس ایچ او ساندہ رضوان خاں نے نمائندہ سی این این اردوڈاٹ کام کو تفصیلا ت بتاتے ہوئے کہا ہےکہ کیس کی میرٹ پر تفتیش جاری ہے ،قاتلوں کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے،مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے ۔



