جلد امن ہوگا، اسرائیل، ایران معاہدہ کرینگے، ویسا ہی جیسا بھارت، پاکستان نے کیا، ٹرمپ
بہت ساری ملاقاتیں اور فون کالز ہو رہی ہیں، مشرق وسطیٰ کو پھر سے عظیم بنائو، امریکی صدر: ایران کو امریکی تنصیبات پر حملوں سے باز رہنے کا سخت انتباہ، ثالثی کی بھی پیشکش کر دی
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہئے، دونوں ممالک کے درمیان جلد امن ہوگا۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ بہت ساری ملاقاتیں اور فون کالز ہو رہی ہیں، ایران اور اسرائیل معاہدہ کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ویسا ہی معاہدہ ہوگا جیسا میں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کرایا، پاکستان اور بھارت کے معاہدے میں امریکہ کے ساتھ تجارت کی دلیل استعمال کی، 2بہترین رہنمائوں سے بات کی جو فوری فیصلہ کر سکتے تھے اور سب کچھ رُک گیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں بہت کچھ کرتا ہوں مگر مجھے کبھی کسی چیز کا کریڈٹ نہیں ملتا لیکن کوئی بات نہیں، عوام سب سمجھتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت صدارت کے دوران سربیا اور کوسووو اور مصر اور ایتھوپیا کے درمیان معاہدے کرانے کا بھی ذکر کیا۔ ٹرمپ نے اپنے بیان کی آخر میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کو پھر سے عظیم بنائو۔ مزید برآں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو امریکی تنصیبات پر حملوں سے باز رہنے کا سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے ایران اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی کردی۔ امریکی صدر نے اپنے ٹرتھ سوشل پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ امریکہ کا ایران پر ہونے والے حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
امریکی صدر نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ہم پر کسی بھی صورت میں حملہ کیا ، تو امریکی مسلح افواج کی مکمل طاقت اور قوت تم پر ایسے انداز میں نازل ہوگی، جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ مزید برآں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کو دنیا کا مقبول ترین ملک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جو امریکہ کو چیلنج کرے گا، اسے مکمل اور قطعی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق اپنی 79ویں سالگرہ پر گزشتہ کئی دہائیوں کی سب سے بڑی امریکی فوجی پریڈ کی میزبانی کی۔ ٹرمپ نے ٹینکوں، جنگی طیاروں اور فوجی دستوں کی پریڈ کے بعد امریکہ کو دنیا کا مقبول ترین ملک قرار دیا، یہ پریڈ واشنگٹن میں امریکی فوج کے 250ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقد کی گئی۔ اپنی تقریر میں، جو معمول سے مختصر اور غیر سیاسی تھی، ٹرمپ نے اندرونی سیاست پر تنقید سے گریز کرتے ہوئے امریکی فوج کی تعریف کی، اور کہا کہ یہ فوجی لڑتے ہیں، لڑتے ہیں، لڑتے ہیں، اور جیتتے ہیں، جیتتے ہیں، جیتتے ہیں۔ یہ عسکری طاقت کا مظاہرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ اندرون ملک اور عالمی سطح پر اپنی قوتِ اقتدار کا اظہار کر رہے ہیں۔
پریڈ سے خطاب میں ٹرمپ نے واشنگٹن کے مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بار بار، امریکہ کے دشمنوں نے سیکھا ہے کہ اگر آپ امریکی عوام کو دھمکائیں گے تو ہمارے فوجی آپ تک پہنچیں گے۔ دوسری طرف اسرائیل نے ایران کے ساتھ ثالثی کیلئے مغربی ممالک کی مدد مانگ لی ہے۔ برطانوی روزنامہ ٹیلیگراف نے رپورٹ کیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے مغربی ثالثوں کے ذریعے ایران سے جنگ بندی مذاکرات میں شامل ہونے کے بارے میں رابطہ کیا ہے۔ تہران میں این بی سی نیوز کو ایک اعلیٰ ایرانی ذریعے نے بتایا کہ اسرائیل نے میزائل حملے روکنے اور جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے میں دلچسپی کا اشارہ دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے نمائندے نے بظاہر پس پردہ مذاکرات سے متعلق ان اطلاعات پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔



