لاہور:(سید ظہیر نقوی)سرکاری علاج گاہوں کو ٹھیکے پر دینے کے معاملے پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کا 21اپریل بروزپیرکو 15ویں روزبھی احتجاج جاری ہے،ہیلتھ ملازمین کی بڑی تعداد دھرنے میں شریک ہے۔

مال روڈ سے پرائمری سیکنڈری ہیلتھ آفس تک ریلی بھی نکالی گئی نادیہ ثاقب کیخلاف اور دوسرے حکام کیخلاف نعرے بازی کی گئی،ریلی میں بڑی تعداد میں ڈاکٹرزاور دیگر ملازمین نے شرکت کی
اس موقع پر پولیس بھی موجود تھی ایس پی اور ڈی ایس پی ،ایس ایچ او سمیت دیگر عملہ بھی موجود رہا ،ڈی ایس پی نے موقف اپنایا کہ دھرنا اور ریلی کے شرکا کو گرفتارکرنے کوئی ارادہ نہیں ان کی سکیورٹی کیلئے موجود ہیں۔

مظاہرین نے کہا آؤٹ ڈور بند ہیں، اب پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی ہڑتال ہو گی،مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شعیب نیازی نے مال روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا،ڈاکٹر شعیب نیازی کے مطابق نجکاری کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کے پلیٹ فارم تلے پنجاب بھر سے آئے ملازمین دھرنے میں موجود ہیں۔
ڈاکٹر شعیب نیازی کے مطابق جلد وائٹ کوٹ مارچ ہوگا جس میں صوبہ بھر کے ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کے ہزاروں ملازمین شرکت کریں گے۔

دھرنے میں موجود خواتین ملازمین بچوں کے ساتھ شدید گرمی میں موجود ہیں جن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا ہمارے مطالبات جائزہیں حکومت ہمارے مطالبات منظور کرے ۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت اور دوسرے عہدیداروں کے مطابق سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور دیگر ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور ان کو اپنے مطالبات سے بھی آگاہ کیا ہے لیکن انہوں نے بھی بے بسی کا اظہارکیا ہے۔
مظاہرین نے کہاہے کہ ہمارا ماں مریم نواز سے مطالبہ ہے کہ غریب عوام کو سستی صحت کی سہولیات سے محروم نہ کریں نہ ہی ملازمین کا مستقبل تاریک بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ غریب اور مظلوم ملازمت پیشہ خواتین کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا جارہا ہے ہماری ماں مریم نواز سے اپیل ہے کہ ہماری بات سنیں اور ہمارے تمام جائز مطالبات منظور کریں ورنہ تحریک جاری رہے گی جس میں مزید تیزی لائیں گے۔



