آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد سے ملاقات،دفاعی،سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
ریاض(ویب ڈیسک )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں خطے میں امن و استحکام اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن و استحکام اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، مزید بتایا کہ آرمی چیف اور سعودی حکام نے دفاعی و سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم بھی کیا۔واضح رہے کہ 10 اکتوبر 2024 کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی پاکستان کے دورے پر موجود سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں مختلف شعبوں میں برادرانہ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔۔۔۔



