اسرائیل کے تباہ کن فضائی حملے، 84فلسطینی شہید، 168زخمی
صیہونی طیاروں نے پناہ گزین کیمپوں، ہسپتال اور سکول کو نشانہ بنایا،متوقع حملے سے قبل علا قہ خالی کردیں:صیہونی فوج کی وارننگ، قحط کا خطرہ:ورلڈ فوڈ پروگرام
غزہ ، تل ابیب(ویب ڈیسک ) اسرائیل نے غزہ کے مختلف علاقوں پر تباہ کن فضائی حملے کیے جن میں بچوں اور خواتین سمیت 84فلسطینی شہید اور 168زخمی ہو گئے۔
الجزیرہ کے مطابق صیہونی طیاروں نے پناہ گزین کیمپوں، ہسپتال اور سکول کو بمباری کا نشانہ بنایا، متعدد افراد تاحال عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے شہری اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں کر رہے ہیں۔
دریں اثنا اسرائیل نے کہا ہے کہ شمالی غزہ کے رہائشی کسی بھی متوقع حملے سے قبل علا قہ خالی کردیں، بالخصوص بیت حانون اور شیخ زید علاقوں کے رہائشی فوری طور پر نقل مکانی کر جائیں،صیہونی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنے خلاف استعمال ہونے والے علاقوں پر زبردست حملہ کرے گی۔
مزید برآں اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا ہے کہ اسرائیل کے 2ماہ سے جاری محاصرے کے باعث اشیائے خورونوش کا ذخیرہ ختم ہو گیا ہے، غزہ کی صورت حال ناقابل یقین حد تک خوفناک ہے اور بڑے پیمانے پر قحط کا خدشہ ہے،تقریباً 7ہفتوں سے کوئی امدادی سامان غزہ میں داخل نہیں ہوا۔



