امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف : پاکستان، امارات کا ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق
وزیراعظم کا دورہ یو اے ای، ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کےاہم امور پر تبادلہ خیال
ابوظہبی، اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور تمام سطحوں پر جاری پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے سرکاری دورے کے دوران یو اے ای کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے بھائی چارے پر مبنی تعلقات جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قریبی تعاون کی تاریخ پر استوار ہیں، کو اجاگر کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور تمام سطحوں پر جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
رہنمائوں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لئے ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعظم متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔
پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور تعاون پر شہباز شریف نے اماراتی قیادت سے اظہار تشکر کیا، وزیر اعظم نے عالمی استحکام کیلئے اماراتی صدر کی کاوشوں اور سفارتکاری کو سراہا۔



