ربادانے119سالہ ریکارڈ پاش پاش،پاکستانی بائولرز کو دن میں تارے دکھا دیئے
روالپنڈی:(سلمان حسین)جنوبی افریقی کرکٹر کگیسو ربادا نے ٹیسٹ کرکٹ میں119سالہ ریکارڈ پاش پاش،پاکستانی بائولرز کو دن میں تارے دکھا دیئے ۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا جب بلے بازی کے لیے میدان میں اُترے تو اس وقت کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیں گے۔
کگیسو ربادا نے 61 گیندوں پر نہ صرف 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جنوبی افریقی ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا بلکہ سینوران متھوسوامے کے ساتھ بروقت 98 رنز کی پارٹنر شپ سے پاکستان کے خلاف 71 رنز کی اچھی لیڈ لینے میں بھی مدد فراہم کی۔
کگیسو ربادا نے 71 رنز بنا کر، ٹیسٹ کرکٹ میں 11ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے بیٹرز میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، جس میں ایشز سیریز کے مشہور ایشٹن ایگر کے 98 رنز تاحال سر فہرست ہیں، تاہم، کگیسو ربادا نے جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کرکٹ کا 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیا ہے۔
کگیسو ربادا سے قبل 1906 میں جنوبی افریقہ کے لیے گیاروں نمبر پر بیٹر ’برٹ واگلر‘ نے انگلینڈ کے خلاف 62 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔



