پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے پرکتنے سال سزا؟،بل کاحتمی مسودہ تیار

لاہور:(ویب ڈیسک ) صوبائی حکومت نے پنجاب آرمز آرڈیننس1965میں متعدد ترامیم کے لئے بل کا حتمی مسودہ تیار کرلیاہے جس میں پہلی مرتبہ غیر قانونی اسلحہ رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہوگا جبکہ اس کے علاوہ سخت سزائیں اور بڑے جرمانے تجویز کئے گئے ہیں ۔

’’پنجاب آرمز (ترمیمی ) ایکٹ 2024 ‘‘ کو جلد منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کردیا جائیگا۔

پنجاب آرمز (ترمیمی ) ایکٹ 2024 ‘‘کی تفصیلات کے مطابق ہر قسم کا بغیر لائسنس اسلحہ رکھنا ناقابل ضمانت جرم ہوگا، بغیر لائسنس کے غیر ممنوعہ بور(پسٹل وغیرہ) اور اسکی گولیاں رکھنا ناقابل ضمانت،جس کی سزا کم از کم تین سال اور زیادہ سے زیادہ پانچ سال اور کم از کم دس لاکھ روپے جرمانہ ہوگا جبکہ جرمانہ ادا کرنے نہ کی صورت میں 6ماہ مزید قید کاٹنا ہوگی۔

بغیر لائسنس کے غیر ممنوعہ بور اور اسکی گولیاں ساتھ لے کر چلنے اوراس کی نمائش بھی ناقابل ضمانت جرم ہوگا جس کی کم از کم سزا تین سال اور زیادہ سے زیادہ 7سال اور کم از کم 20لاکھ روپے جرمانہ ہو گا اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں6ماہ مزید قید کاٹنا پڑے گی۔

بغیر لائسنس ممنوعہ بور (کلاشنکوف وغیرہ) رکھنا بھی ناقابل ضمانت جرم اور اس کی سزا کم از کم 4سال اور زیادہ سے زیادہ 7سال ہوگی جبکہ جرمانہ کم از کم 20لاکھ روپے ہوگا جسے ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم کو مزید ایک سال قید کاٹنا ہوگی۔

اسی طرح ممنوعہ بور کا اسلحہ ساتھ لے کر چلنے اور اس کی نمائش کی کم از کم سزا 7 سال اور زیادہ سے زیادہ 10سال تک ہوگی، جرمانہ کم از کم 20لاکھ اور عدم ادائیگی کی صورت میں ایک سال مزید قید کاٹنا ہوگی۔

بغیر لائسنس کے دو یا اس سے زیادہ ممنوعہ بور کا اسلحہ یا پھر 5یا اس سے زیادہ غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ اور ایک ممنوعہ بور اور دو غیر ممنوعہ بور کے ہتھیار رکھنے یا ساتھ لے کر چلنے کی سزا کم از کم 10اور زیادہ سے زیادہ 14سال ہوگی جبکہ 30لاکھ جرمانہ اور عدم ادائیگی کی صورت میں دو سال مزید قید بھگتنا ہوگی۔

بغیر لائسنس حاصل کئے کے اسلحے اور ایمونیشن کی مینوفیکچرنگ، مرمت اور گن شوٹنگ کلبز چلانا بھی ناقابل ضمانت جرم ہوگا جس کی کم از کم سزا 5سال اور زیادہ سے زیادہ 7سال جبکہ 30لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا اور عدم ادائیگی پرمزید دو سال قید بھگتنا ہوگی۔ یہ تمام جرم سی آر پی سی 1898کے تحت قابل دست اندازی پولیس ہونگے۔

اس سے قبل ناجائز طور پر بغیر لائسنس کے ممنوعہ یا غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ اور گولیاں وغیرہ رکھنے پر پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 13/20/65کے تحت مقدمات درج ہوتے تھے جو ناصرف قابل ضمانت تھے بلکہ سزائیں دو سے چار ماہ اور جرمانے پانچ سے پندرہ ہزار تک کے تھے۔ ’’پنجاب آرمز (ترمیمی ) ایکٹ 2024 ‘‘ میں اس سے قبل لکھے گئے مجسٹریٹ کے لفظ کو تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر جبکہ حکومت کی جگہ ہوم سیکرٹری لکھا جائیگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button