لاہور: (بیوروچیف) لاہور کے علاقے ہنجروال میں 2بچوں کی ماں کی پراسرار موت ہوگئی اہل علاقہ کے مطابق خاتون نے خودکشی کی جبکہ خاتون کےوالد اور پولیس کے مطابق خاتون سسرالیوں کے تشدد سے جاں بحق ہوئی۔
رپورٹ کےمطابق آمنہ نے سسرالیوں کے رویئے سے دلبرداشتہ ہو کر مبینہ طور پر خودکشی کی، نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیا گیا۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ افسوسناک واقعہ جمال کالونی ہنجروال میں پیش آیا، دو بچوں کی ماں 28 سالہ آمنہ کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے معاملے کا نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے بہو آمنہ کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی۔

ڈی آئی جی فیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد ہماری ریڈ لائن ہے کاروائی میں غفلت کی ہرگز گنجائش نہیں،واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں،افسوسناک واقعہ میں جو بھی ملوث ہوا قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔



