انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

بھارت کا آپریشن’’ مہادیو‘‘، جعلی مقابلے میں 3کشمیری شہید،پاکستان پر الزامات کا منصوبہ بے نقاب

قیدیوں کو پاکستان مخالف بیانات اور اعتراف جرم بھی کروایا جا سکتا ہے:سکیورٹی ذرائع، آپریشن سندور ختم نہیں ہوا:بھارتی وزیر دفاع،اگر پاکستان گھٹنے ٹیکنے کو تیار تھا تو آپریشن کیوں اور کس کے کہنے پر روکا ؟کانگریس

اسلام آ باد،نئی دہلی: (ویب ڈیسک)بھارت نے آپریشن سندور کی ذلت ناک ناکامی کے بعد آپریشن مہادیو کے نام پر دوبارہ جعلی انکاؤنٹرز شروع کر دیے ہیں جس کی تازہ مثال مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلے کے دوران 3نوجوانوں کو شہید کرنا اور ان میں سے 2کو شناخت کے بغیر فوراً ہی پہلگام حملے میں ملوث قرار دینا ہے۔

بھارتی پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر بحث کا آغاز ہوتے ہی بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3نوجوانوں کو شہید کر دیا اور دعویٰ کیا کہ ہلاک دہشت گرد سلیمان شاہ کا تعلق کالعدم لشکر طیبہ سے تھا جو پہلگام حملے کا ماسٹرمائند تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن سندورکی ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلئے نیا مذموم فوجی منصوبہ ’’آپریشن مہادیو‘‘ شروع کر دیا ہے۔

بھارت کی جانب سے غیرقانونی اور جبراً حراست میں رکھے بیگناہ پاکستانیوں کو جعلی انکاؤنٹرز میں استعمال کرنے کا مذموم منصوبہ بے نقاب ہوا ہے جس میں مختلف جیلوں میں قید افراد کو مارنے کے بعد پاکستان سے آئے ہوئے دہشت گرد قرار دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 29 اور 30 اپریل کو ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی پریس کانفرنسز میں پہلے ہی 723 پاکستانی افرادجو مختلف بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر بند ہیں، کی تفصیلات بتا چکے ہیں،اس کے علاوہ 56 ایسے پاکستانی بھی ہیں جو بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے غیر قانونی اور جبرا اپنی حراست میں رکھے ہیں۔ حسب روایت جعلی انکاؤنٹر زکے فوری بعد بھارتی میڈیا کو پہلے ہی سے ان افراد کی لاشیں اور پلانٹڈ ہتھیار وغیرہ کی ویڈیوز اور تصویریں شیئر کی جا رہی ہیں۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق غیر قانونی طور پر حراست میں رکھے گئے افراد کو زندہ دہشت گرد ظاہر کر کے میڈیا کے سامنے پاکستان مخالف بیانات اور اعتراف جرم کے بیان بھی دلوائے جا سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ آپریشن سندور ختم نہیں ہوا، پاکستان نے دوبارہ کچھ کیا تو اس سے بھی سخت کارروائی کریں گے۔لوک سبھا میں پہلگام حملے اور آپریشن سندور پر بحث کے دوران تقریر کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کوئی تنازع نہیں ہے،اگر کوئی ہماری خودمختاری کو نقصان پہنچاتا ہے تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ہم آج بھی کہتے ہیں کہ ایک خوشحال پاکستان ہمارے مفاد میں ہے۔اجلاس میں آپریشن سندور پر بحث شروع ہونے سے پہلے ہی ہنگامہ شروع ہو گیا اور ایوان کی کارروائی ملتوی کرنا پڑی، کچھ وقفے کے بعداجلاس دوبارہ ہوا۔

اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے راجناتھ سنگھ کو دوران تقریر ٹوکتے ہوئے سوال کیا کہ آپریشن سندور کیوں روکا گیا؟جس پر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ آپریشن پاکستان کی درخواست پر روکا گیا۔کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے سوال کیا کہ پوری قوم، اپوزیشن بھی وزیراعظم مودی کے ساتھ کھڑی تھی، پھر 10 مئی کو اچانک سیزفائر کی خبر کیوں آئی؟اگر پاکستان گھٹنے ٹیکنے کو تیار تھا تو بھارت نے کارروائی کیوں روکی؟ کس کے کہنے پر روکی؟ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود 26 بار کہا ہے کہ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان سیزفائر کروایا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button