چناب نگر، ننکانہ صاحب، سرگودھا، جامشورو ( ویب ڈیسک ) دھند کے باعث ٹریفک کے حادثات میں3افراد جاں بحق جبکہ4افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیل کے مطابق پہلے واقعہ میں موٹرسائیکل سوار نوجوان طارق علی گزشتہ روز شہر سے واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں دھند کے باعث پنڈی بھٹیاں روڈ پر ساڑھ موڑ کے قریب پیچھے سے آنے والے بس نے ٹکر ماردی، جس کے باعث طارق علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
چنیوٹ روڈ پر شیل پمپ کے قریب معمر اور مخبوط الحواس شخص جو کانڈیوال روڈ کراس کر رہا تھا مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ مزید برآں دھند کے باعث موٹرسائیکل سوار میاں، بیوی ٹرالی میں جا لگے، شوہر جاں بحق جبکہ بیوی زخمی ہو گئی۔
چنیوٹ کا رہائشی محمد قیصر بیوی تسلیم بی بی کے ساتھ ر رشتہ داروں سے ملنے جا رہا تھا۔ ادھر ننکانہ صاحب میں مانگٹانوالہ روڈ پر ابیاں والا سٹاپ کے قریب تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل کے تصادم میں بیٹی جاں بحق جبکہ باپ زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122نے زخمی 45سالہ شوکت کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔
جاں بحق خاتون کی شناخت 24سالہ اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر سرگودھا ریجن کے علاقہ بھکر کے نواحی میں تیز رفتاری کے باعث نوتک میں اوور کراسنگ کے دوران دو موٹر سائیکلوں کے آپس میں تصادم سے چلتی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر نوجوان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گے جبکہ منکیرہ کے قریب جڑی سواگ روڈ پر لوڈر رکشہ کی موٹر سائیکل کو ٹکر میں موٹر سائیکل سوار خورشید شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہو گیا۔
اسی طرح ایم ایم روڈ پر دلیوالا کے قریب حادثہ میں موٹر سائیکل سوار سمیع اللہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مزید برآں جامشورو میں خطرناک ٹریفک حادثے میں بس اور ٹریلر میں تصادم ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بس اور ٹریلر کی یہ ٹکر نوری آباد کے قریب ہوئی جس کے باعث 20افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔



