لاہور:(بیوروچیف /سید ظہیر نقوی)لاہورمیں ٹریفک وارڈنز کی جانب سے گاڑی اور موٹرسائیکل سواروں کو ہراساں کرنے کے بعد ریکارڈکرپشن اوربھتہ خوری کاانکشاف ہواہے۔
سی این این اردوڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ٹھوکر نیازبیگ،فیصل ٹائون،بادامی باغ،شیراکوٹ،گلبرگ،بابوصابو،مسلم ٹائون موڑ،دھرم پورہ،واپڈا ٹائون،ہنجروال،جوہرٹائون،کالج روڈ ٹائون شپ،سبزہ زار سمیت اندرون لاہورمیں تعینات ٹریفک وارڈنزشہریوں سے رقم کا تقاضا کرتے ہیں بالخصوص رات کی تاریکی میں سیمنٹ ،بجری،اور لوہے سے لدے ٹرکوں کو رشوت لے کر سرعام شہرمیں داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وارڈنزسرعام رشوت وصول کرتے ہیں،طلبہ اورموٹرسائیکل پر سوارفیملیز کو بھی نہیں چھوڑتے ،حکام فوری نوٹس لے کر کارروائی کریں۔
دریں اثنا چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک وارڈنز کے نام وارننگ جاری کی ہے۔
سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ کسی نے کرپشن کی تو اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا ہے کہ ٹریفک اہلکار لوگوں سے لوٹ کھسوٹ کر رہے ہیں، گرفتار ہو رہے ہیں۔ کسی ٹریفک اہلکار نے بھتہ مانگا تو اس کے خلاف دہشت گردی کا پرچہ کراؤں گا۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ٹریفک عملے پر بھتے کے پرچے ہونے پر بہت شرمندگی ہو رہی ہے۔



