انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

نواز شریف اور وزیر اعلیٰ سے ایرانی سفیر کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

وزیراعلیٰ کا 7فروری کو لبرٹی چوک میں جشن کا اعلان، سوشل میڈیا پر بسنت کے حوالے سے گانا ’’ گڈی لہور دی اڈی‘‘ شیئر کر دیا

لاہور (سلمان حسین) پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو لوگوں کا حق اور ترقی کھا جاتی ہے، جہاں 13سال سے حقیقی حکومت ہے وہ صوبہ زوال کا شکار کیوں ہے؟۔ کے پی حکومت سے جب ترقی کا سوال ہوتا ہے تو کہا جاتا ہے ہم نے آپ کو شعور دیا ، کیا شعور کسی کا پیٹ بھر سکتا ہے؟ کیا لوگ روٹی کی جگہ شعور کھائیں گے؟۔ وزیراعلیٰ نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں سمیت دیگر منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو امن کھا جاتی ہے، خوشی کھا جاتی ہے، جو بے حس ہوتی ہے، جب لوگ روزگار، سڑکیں مانگتے ہیں تو کہتے ہیں ہم نے شعور دیا، تو کیا شعور پر بیٹھ کر کالج جائیں گے؟ کے پی کے عوام روزگار کا سوال کرتے ہیں تو کہتے ہیں شعور دیا، تو کیا لوگ شعور کو روزگار کا ذریعہ بنائیں گے؟ لوگ گرین بس مانگتے ہیں تو کہتے ہیں شعور دیا تو کیا لوگ شعور پر سفر کریں گے؟ ۔ ورکر کا بیٹا جیل میں ہے، اپنے بیٹے کو برطانیہ میں بٹھایا ہوا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ جس طرح راجن پور کے لوگوں نے میرا استقبال کیا ہمیشہ یاد رکھوں گی، ہمیشہ مسلم لیگ ن پر الزام لگتا ہے کہ سارا کام لاہور میں ہوتا ہے، آج سے راجن پور میں بھی گرین بسیں چلیں گی، پنجاب میں 1500مزید بسیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر پنجاب کے ہر ضلع میں گرین بس چلی گی، ابھی راجن پور میں 15بسیں آئی ہیں لیکن مزید بسیں آئیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکول اور کالج کے طلبا و طالبات گرین بس پر سفر کریں گے، گرین بس خواتین اور طلبا کے لیے فری ہے، بزرگ اور معذور افراد کے لیے بھی گرین بس کا سفر فری ہے، بس میں کیمرے بھی ہیں تاکہ خواتین کی سکیورٹی ہو سکے، یہاں 12ارب روپے کی سڑکیں بنی ہیں، مزید بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دل کے مریض کو دوسرے شہر نہیں جانا پڑے گا، راجن پور میں دل کا ہسپتال بنے گا، راجن پور دہائیوں سے پسماندہ ضرور ہے لیکن اب پسماندگی ختم ہونے کو ہے، جو گرین بس لاہور کی سڑکوں پر دوڑ رہی ہے، آج سے راجن پور کی سڑکوں پر دوڑے گی، راجن پور میں 12ارب روپے کی تقریبا 72سڑکیں بنی ہیں، ایک سال میں پنجاب کی تمام تحصیلوں میں گرین بس چلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک راجن پور کے تمام روٹس پر بسیں نہیں چلیں گی مریم نواز چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیراعلیٰ نے ’’ اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے غریب عوام کو ڈھائی لاکھ ایکڑ زرعی اراضی دینے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے’’ اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ پراجیکٹ کے کاشتکاروں کو فصل اگانے کیلئے کسان کارڈ بھی دینے کا اعلان کیا۔ ہر تحصیل میں سینٹر آف ایکسی لینس بنانے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ اپنا کھیت، ا پنا روزگار‘‘ کے تحت بے روزگار اور غریب افراد کو 3سے 5ایکڑ اراضی الاٹ کی جائے گی۔ کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے کھاد، پیسٹی سائیڈ اور بیج حاصل کر سکیں گے۔ دوسری جانب مریم نواز نے بسنت فیسٹیول کے موقع پر 7فروری کو لاہور کے لبرٹی چوک میں خصوصی جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں شہریوں کو دعوت دی کہ وہ اس ثقافتی تقریب میں شرکت کریں اور بسنت کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منائیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق جشن کے دوران پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ جبکہ شہریوں کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ بسنت پنجاب کی ایک خوبصورت روایت ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ اسے محفوظ اور منظم انداز میں منایا جائے۔ مریم نواز نے بسنت کے حوالے سے مشہور گانا ’’گڈی لہور دی اڈی‘‘ بھی شیئر کیا جسے سوشل میڈیا پر عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جشن خوشیوں، رنگوں اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے اور حکومت پنجاب عوام کے ساتھ مل کر ان لمحات کو یادگار بنانا چاہتی ہے۔ ادھر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی، فریقین نے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایرانی سرمایہ کاروں کو زراعت، آئی ٹی و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا جائے تو بڑے بڑے مسائل حل ہو سکتے ہیں، ایران کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات ہیں، ایرانی عوام ہمیشہ دعائوں کا حصہ رہے ہیں۔ ایرانی سفیر رضا امیری نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم، ایک روح کی مانند ہیں، عالمِ اسلام کی سربراہی اور پاک ایران تعلقات کے فروغ میں نواز شریف جیسے لیڈر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی عوام اور حکومت کی طرف سے معاملات نواز شریف کے علم میں لانا ضروری سمجھتے ہیں، نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنے والا ستون سمجھتے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button