پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

بلوچستان:سکول بس پرخودکش حملہ،3طالبات سمیت 5شہید،38زخمی،امریکہ کی مذمت

وزیر اعظم کوئٹہ پہنچ گئے، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے:شہبازشریف،زرداری،محسن نقوی،سرفرازبگٹی،گنڈاپور

خضدار،(ویب ڈیسک )بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیروپوائنٹ کے قریب سکول بس پر خودکش حملے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید جب کہ 38 زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 4 بچے شہید ہوئے۔

38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق بعض زخمی بچوں کی حالت تشویش ناک ہے، شہید ہونے والی طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔

وزیراعظم کوئٹہ کے دورے پر پہنچ گئے
خضدار واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ گئے، وفاقی وزراء خواجہ آصف، محسن نقوی اور عطاء تارڑ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف اہم ملاقاتوں اور بریفنگز میں شرکت کریں گے، جبکہ بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلائے جانے کی توقع ہے۔

قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی مذمت
پاکستان میں امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ خضدار، بلوچستان میں اسکول کی بس پر ہونے والے بے رحمانہ اور ناقابلِ تصور حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بےگناہ بچوں کا قتل سمجھ سے باہر ہے، ہم ان خاندانوں کے ساتھ غم میں شریک ہیں، جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

نیٹلی بیکر نے کہا کہ کوئی بھی بچہ اسکول جانے سے کبھی خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، ہم پاکستان میں اس تشدد کے خاتمے کے لیے کام کرنے والوں کیساتھ ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ معصوم بچوں پر وحشیانہ حملہ افسوس ناک اور ناقابل برداشت ہے، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف بیان میں کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، دہشت گردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کرلیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنےکی گھناؤنی سازش ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے خضدار میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجیت دوول بلوچستان میں دہشت گردی کی پلاننگ کر رہا ہے، بھارتی مشیر قومی سلامتی نے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کی پہلے سے انٹیلی جنس اطلاعات تھیں، توقع نہیں تھی کہ بزدل دشمن معصوم بچوں کو نشانہ بنائے گا، بچوں کے خون کا بدلہ لیا جائے گا، بچوں کے مقدس خون کی قسم، دہشت گردوں کوچن چن کرختم کریں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ حقوق کی جنگ نہیں، بھارت سے پیسے لیکر دہشت گردی کی جارہی ہے، افغانستان کی سرزمین بار بار ہمارے خلاف استعمال ہورہی ہے، نہیں چاہتے کہ لوگوں کی نقل مکانی کرکے دہشت گردوں کو ماریں، لیکن ہمیں مجبور کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خضدار میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے, سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button