لاہور:(سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے الوداعی ملاقات کی ۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، معدنیات اور آئی ٹی خدمات میں تجارت کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے باہمی روابط اور دوطرفہ تعلقات خاص اہمیت کے حامل ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی منتقلی اور دیرپا شراکت داری کو فروغ دیا جارہا ہے۔آسٹریلیا اور پاکستان زراعت اور لائیو سٹاک میں بھی باہمی تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایکوا کلچر، فشریز کی امپورٹ کے لئے کولڈ چین لاجسٹکس کے فروغ کے لئے پر امید ہیں۔آسٹریلیا میں پنجاب سے ہزاروں افراد نے ترقی کے مواقع ہی نہیں بلکہ باہمی روابط کو بھی فروغ دیا۔ پاکستان کی آسٹریلیا کے ساتھ بڑھتی ہوئی سٹریٹجک شراکت داری میں پنجاب بھی شامل ہے۔
ماحولیاتی تبدیلی کے مشترکہ عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور آسٹریلیا تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ آسٹریلیا پاکستانی طلبہ کے لئے اہم منزل ہے۔ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ باہمی احترام اور دیرپا دوستی کی بنیاد پر قائم مضبوط تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پارلیمانی روابط اور اقتصادی تعاون میں اضافہ ضروری ہے۔ پنجاب میں آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں آسٹریلوی سرمایہ کاروں کے لیے گراں قدر مواقع موجود ہیں۔ حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہرممکنہ معاونت کرے گی۔
بارش کے پانی کا ہر قطرہ بچا کر استعمال میں لانا چاہتے ہیں جس کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ اپنے صوبے اور ملک میں مینارٹی کے جان و مال کا تحفظ اہم فریضہ سمجھتے ہیں۔ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال سرزمین ہے، بہتر استعمال یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ تجاوزات کے خاتمے کے لئے یکسوہیں، شہروں کی خوبصورتی بحال کررہے ہیں۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا اورپاکستان بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دارہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجابنے کہا ہے کہ مادروطن کے لئے جان قربان کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کو سلام پیش کرتی ہوں۔ میجر طفیل محمد شہید کی جرات اور بہادری کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ نے میجر طفیل محمد شہید کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ میجر طفیل محمد شہید کی قربانی نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دفاع وطن کے لئے میجر طفیل محمد کی شہادت تاریخ کا روشن باب ہے۔ پوری قوم میجر طفیل محمد شہید کی جرات وقربانی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ دریں اثنا مریم نواز شریف نے کندیاں میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکورٹی اداروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ کہا کہ کہیں پناہ نہیں ملے گی، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر دہشت گرد کا تعاقب کریں گے۔
مزید برآں مریم نواز شریف نے لاہور شاہکام چوک پر کار کی ٹکر سے3فراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے جشن آزادی پرصوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔ تمام محکموں کو جشن آزادی کی تقریبات کے دوران عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ فیمیلیز کی آمد کے پیش نظر عوامی مقامات پر سکیورٹی اور ٹریفک کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو جشن آزادی کی تقاریب، ریلیوں سمیت دیگر تقاریب میں شہری تنظیموں کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کی۔



