’’کعبہ کی رونق کعبہ کا منظر اللہ اکبر‘‘،چھت پر دنیا کے نایاب سنگ مرمر کااستعمال
چھت 145مربع میٹر، سنگ مرمر رطوبت کو رفتہ رفتہ خارج کرتا ہے جس سے ماحول گرم نہیں ہوتا:انتظامیہ
ریاض( ویب ڈیسک)سعودی عرب کے ادارہ برائے امور الحرمین نے کہاہے خانہ کعبہ کی چھت 145 مربع میٹر ہے جس کی تیاری میں انتہائی نادر و نایاب قسم کا سنگِ مرمر استعمال کیا گیا ہے جو دن میں ٹھنڈک کا احساس دلاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ادارہ برائے امور الحرمین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام کی تعمیر و توسیع کے بارے میں مملکت کی قیادت خصوصی دلچسپی رکھتی ہے۔
سعودی قیادت نے ہمیشہ سے ہی مسجد الحرام کی تعمیر کے لیے جدید ترین وسائل استعمال کرنے پر توجہ دی ہے۔ خانہ کعبہ کی چھت سے لےکر ستون اور دیواروں تعمیر انتہائی منفرد انداز میں کی گئی ہے۔

چھت پر نصب سنگِ مرمر دنیا کا نایاب ترین پتھر ہے جس کی خاصیت یہ ہے کہ رات کو یہ رطوبت کو جذب کر لیتا ہے اور دن کو جب سورج کی تپش ہوتی ہے تو یہ رات کو جذب کی ہوئی رطوبت کو رفتہ رفتہ خارج کرتا ہے جس کی وجہ سے چھت اور کعبے کے اندر کا ماحول گرم نہیں ہوتا۔



