پاکستانتازہ ترین

بجٹ میں عوام کو ریلیف کیلئے اقدامات شامل کئے جا رہے، شہبازشریف

چینی سفیر کی ملاقات،’’ سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘‘ مزید مستحکم بنانے کا عزم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں، جبکہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ملک کے معروف صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایسی صنعتوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جن سے ملکی پیداوار میں اضافہ، برآمدات میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کی ضمانت ہے اور کاروباری برادری کی مشاورت سے ہی مؤثر معاشی پالیسیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہی حکومتی معاشی حکمت عملی کا بنیادی محور ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صنعت، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کی ترقی سے معیشت مزید مستحکم ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کے لیے فنی اور تکنیکی تربیت کے پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں تاکہ انہیں بہتر روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

اجلاس کے دوران کاروبار، صنعت اور تجارت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس مقدمات کے فوری فیصلوں کے لیے ٹیکس ٹریبونلز میں اصلاحات کی گئی ہیں جبکہ اسپیشل کمرشل کورٹس کے قیام کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ کراچی کی بندرگاہوں سے اندرون ملک تجارتی رسائی بہتر بنانے کے لیے موٹروے ایم-10 کی اپ گریڈیشن اور پیپری فریٹ کوریڈور پر کام جاری ہے۔ موٹروے ایم-13 کھاریاں تا راولپنڈی منصوبے سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوگا جبکہ ریلوے کے ایم ایل-1 اور ایم ایل-2 منصوبوں کی اپ گریڈیشن سے تجارتی سامان کی ترسیل مزید مؤثر بنائی جائے گی۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نیشنل اے آئی ٹرانسفارمیشن پلان تیار کیا جا رہا ہے جبکہ شوگر اور سیمنٹ سیکٹر میں ویڈیو اینالیٹکس سسٹم کی تنصیب سے ریونیو میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

کاروباری رہنماؤں نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی استحکام، ٹیکس اصلاحات اور کاروباری سہولتوں کے فروغ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی، ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ لیوی کے خاتمے اور ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثناء پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سی پیک 2.0، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خصوصی اقتصادی زونز، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے، سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button