گلگت(ویب ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام 7 جون کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بنا کر جیالا وزیراعلیٰ منتخب کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر گلگت بلتستان کے انتخابات کو مینیج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ایسی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔
گلگت میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی حقوق، جمہوریت اور وفاقی اکائیوں کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اقتدار میں آکر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید وسعت دے گی اور آئندہ وفاقی بجٹ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ مہنگائی سے متاثرہ طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن پاکستان ایک ذمہ دار اور مضبوط ایٹمی ریاست ہے جو اپنے قومی مفادات اور آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور سیاسی حقوق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کی روح کے مطابق خطے کے عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا کام تیز کیا جائے کیونکہ یہ منصوبہ ملک کے آبی ذخائر، زرعی ضروریات اور توانائی کی پیداوار کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سنگین معاشی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں عوام دوست پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ عوامی حمایت حاصل ہوئی تھی اور آئندہ انتخابات میں بھی عوام پارٹی پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حقوق کسی کو تحفے میں نہیں ملتے بلکہ مسلسل جدوجہد کے ذریعے حاصل کیے جاتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر سابق صدر آصف علی زرداری چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے تاریخی منصوبے کی بنیاد نہ رکھتے تو آج ملک میں بڑے ترقیاتی منصوبوں بشمول اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کا تصور بھی ممکن نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں غریب عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی خودمختاری، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔



