اداکارفیروزخان کا غیر سنجیدہ رویہ،رحیم پردیسی کے ساتھ پریس کانفرنس بدمزگی کا شکار
لاہور:(کلچرل رپورٹر /اشفاق حسین سے)اداکار فیروز خان اور رحیم پردیسی کے درمیان چند روز بعد لاہور میں ہونے والے باکسنگ مقابلے کے سلسلہ میں ہونے والی پریس کانفرنس بدمزگی کا شکار ہوگئی۔
اداکار فیروز خان کے لیٹ آنے کی وجہ سے بدمزگی پیدا ہوئی پریس کانفرنس میں ساڑھے تین بجے کا ٹائم دیا گیا تھا لیکن میڈیا کو فیروز خان کا طویل انتظار کرنا پڑا۔
جب بھی منتظمین سے پوچھا جاتا تو ان کا یہی جواب ہوتا کہ بس فیروز خان پہنچنے ہی والے ہیں جبکہ رحیم پردیسی بھی ان کا انتظار کررہے تھےاسی وجہ سے تمام چینلز اور بہت سے رپورٹرومیڈیا کارکن واپس چلے گئے۔
طویل انتظار کے بعد فیروز خان وہاں سوا پانچ بجے آئے جب ان سے لیٹ آنے کا سوال کیا گیا تو فیروز خان نے غیر سنجیدگی سے جواب دیا کہ "گرم پانی نہیں آرہا تھا”
رحیم پردیسی اور فیروز خان کے درمیان جلد ہی ایکسپو سنٹر میں مقابلہ ہوگا،قبل ازیں مشہور پاکستانی اداکار فیروز خان نے باکسنگ کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈرامہ سیریل "اکھاڑا” میں باکسر کا کردار نبھانے کے بعد، اب وہ حقیقت میں باکسنگ میچ کے لیے تیار ہیں۔
فیروز خان نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنے مداحوں کو اس منصوبے کی اطلاع دی تھی انہوں نے کہا تھا”یہ میرا نیا گیم پلان ہے اور میں باکسنگ کیریئر شروع کرنے جا رہا ہوں،اداکار کے حریف کوئی اور نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کے معروف کامیڈین اور مواد تخلیق کار رحیم پردیسی ہوں گے۔



