سنچورین :(ویب ڈیسک)دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا لیے جبکہ مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا مزید 2 رنز کا خسارہ باقی ہے۔
میزبان جنوبی افریقہ پاکستان کے 211 رنز کے جواب میں 301 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور اس نے مہمان ٹیم پر 90 رنز کی برتری حاصل کی۔
سینچورین میں کھیلے جارہے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پروٹیز کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا لیے جبکہ پہلی اننگز کا مزید 2 رنز کا خسارہ باقی ہے، قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم 16 اور نائب کپتان سعود شکیل 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ خراب روشی کے باعث کھیل 20 منٹ پہلے ختم کیا گیا۔
دوسری اننگز میں پروٹیز کے خلاف پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا، شان مسعود اور صائم ایوب نے پہلی وکٹ کے لیے 49 رنز جوڑے تاہم دونوں کھلاڑی 28، 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد تیسرے نمبر پر آنے والے کامران غلام بھی صرف 4 رنز اسکور کرسکے۔



