کراچی:(ویب ڈیسک)کراچی میں ایک اور ٹریفک حادثہ ہوگیا، کارساز روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق مرد کی عمر 30 اور خاتون کی عمر 25سال ہے، حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے کار ڈرائیور کو پکڑ لیا۔
مشتعل شہریوں نے ڈرائیور پر تشدد کیا، پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈرائیور کو گاڑی میں بٹھایا۔
دریں اثنا، پولیس نے بتایا کہ میاں بیوی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے، جاں بحق میاں بیوی ملازمت سے واپس آرہے تھے، جاں بحق خاتون نارتھ کراچی کے اسکول میں ٹیچر تھی، جبکہ ایاز فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور علیق کوگرفتار کرلیا، حادثہ کار سوار کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ڈیفنس کی جانب جارہا تھا، مشتعل شہریوں سے بچا کر ملزم ڈرائیور کو تھانے منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ 24 مارچ کو کراچی میں ملیر ہالٹ بس اسٹاپ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل پر سوار میاں اور حاملہ بیوی کو کچل دیا تھا، حادثے کے دوران جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑگیا تھا۔



