اسرائیل امریکی پیسے سے غزہ میں نسل کشی کر رہا، زہران ممدانی کا ٹرمپ کے سامنے کڑوا سچ
نیویارک کے پہلے مسلم میئر کی وائٹ ہائوس آمد: آپ کی ہر ممکن مدد کریں گے، امریکی صدر کی ملاقات کے دوران یقین دہانی
واشنگٹن (ویب ڈیسک) نیویارک کے پہلے نومنتخب مسلم میئر زہران ممدانی روایتی ملاقات کے لیے وائٹ ہائوس پہنچے، جہاں ٹرمپ کے سامنے غزہ کا مقدمہ پیش کر دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صحافیوں سے مشترکہ گفتگو میں زہران ممدانی نے ایک سوال کے جواب میں اپنے دوٹوک موقف کو دہرایا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کی موجودگی میں زہران ممدانی نے مزید کہا کہ امریکیوں کے ٹیکس دہندگان کا پیسہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں استعمال کر رہا ہے۔ نیویارک کے نومنتخب میئر نے مزید کہا کہ نیویارک کے بہت سے شہری چاہتے ہیں کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ جنگوں میں نہیں بلکہ مقامی ضروریات بالخصوص مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ ہو۔
جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے زہران ممدانی کے اس جواب پر کہا کہ ہم دونوں ہی مشرقِ وسطیٰ میں امن کے خواہاں ہیں۔
صحافیوں نے زہران ممدانی سے سوال کیا کہ کیا وہ ٹرمپ کو فاشسٹ سمجھتے ہیں؟، جس پر ممدانی جواب دینے لگے تو ٹرمپ نے انہیں بیچ میں روکتے ہوئے کہا کہ آپ بس ہاں کہہ دیں، وضاحت دینے یا سمجھانے سے زیادہ آسان ہاں کہہ دینا ہے۔
اس سے قبل ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مختلف سیاسی نظریات رکھنے کے باوجود ایک دوسرے کی تعریف کی اور نیویارک شہر کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم ظہران ممدانی کی ہر ممکن مدد کریں گے، ظہران ممدانی نیویارک کے معاملے جتنے بہتر انداز میں چلائیں گے میں اتنا ہی خوش ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے ظہران ممدانی نیویارک میں معاملات بہتر انداز میں چلائیں گے۔



