انٹر نیشنلتازہ ترینجرم-وسزا

غزہ والوں کا پانی بھی بند،اسرائیل کا نیازمینی حملہ،38شہید،96زخمی

غزہ،نیویارک، برمنگھم (ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیل کی تباہ کن بمباری اور مکمل ناکہ بندی کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔میونسپل اتھارٹی نے بتایا کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث پٹرول ختم ہو چکا ہےجس کی وجہ سے واٹر پمپس نہیں چلائے جا سکتے، بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث صورت حال مزید ابتر ہو جائے گی۔

اسرائیل نے جنوبی غزہ میں رفح اور خان یونس کے بیشتر علاقوں سے مزید فلسطینیوں کو انخلا کا حکم دے دیا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسرائیل نے 3لاکھ فلسطینیوں کو جبراً بے دخل کر دیا ہے۔

دریں اثنا اسرئیلی طیاروں نے غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کی اور ڈرون حملے کیے جن میں حماس کے کمانڈر سمیت مزید 38فلسطینی شہید اور 96زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بمباری میں حماس کے کمانڈر محمد صالح محمد برداویل بھی مارے گئے ہیں۔ادھر سعودی عرب نے غزہ میں سکول ، طبی مراکز اور نہتے شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے ناقابل قبول ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

علاوہ ازیں سلامتی کونسل کے غزہ کے متعلق ہنگامی اجلاس میں چینی مندوب فوچونگ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی مخالفت کر دی، انہوں نے زور دیا کہ دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کا واحد راستہ ہے، جنگ کو دوبارہ شروع کرنا صرف اور صرف مزید قتل اور نفرت کو جنم دے گا اور یہ یرغمالوں کو چھڑانے کا درست طریقہ ہرگز نہیں ہے۔

برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی کے دو طلبہ بھی فلسطینیوں کی حمایت کرنے پر انضباطی کارروائی کی زد میں آگئے ، علی نامی طالبعلم نے کہا کہ میرے اور انٹونیا کے خلاف تادیبی کارروائی اختلاف رائے کو دبانے اور طلبہ تحریک کو خاموش کرانے کی ایک کوشش ہے۔

انسانی حقوق کارکنوں نے برطانیہ میں بھی یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button