اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وفاقی کابینہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کے لیے سیکیورٹی کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245کے تحت فوج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری منظور کرلی۔
پاک آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کا عمل آئندہ چند روز میں شروع ہو گا۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز چیمپئنز ٹرافی کے دوران سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔ پی سی بی، پنجاب اورسندھ کی درخواست پر سیکیورٹی کی منظوری لی گئی۔ ٹورنامنٹ کے لیے غیر ملکی ٹیمیں 12فروری سے پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گی۔
وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ٹیموں کوفول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ ذرائع کے مطابق مہمان ٹیموں کو پریزینٹیشن لیول کی سیکیورٹی دی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے سیکیورٹی تین لیئرز میں ہوگی، پہلے نمبر پر پولیس دوسرے پر رینجرز اور تیسرے نمبر پر پاک فوج ہوگی۔



