فائرنگ کے واقعات میں 2 بھائیوں سمیت 9افراد قتل، 3زخمی
کوہاٹ میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ،2 خواتین سمیت 5افراد لقمہ اجل،کرم سے پیدل پشاور جانیوالے 3افرادقتل،شرقپور میں غیرت کے نام پر بہن قتل
کوہاٹ، کرم(نمائندگان سی این این اردوڈاٹ کام) کوہاٹ کے دورافتادہ علاقے ورشنڈ میں جائیداد کے تنازع پر فریقین کی فائرنگ سےدو سگے بھائیوں اور دو خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ خاتون سمیت 3افراد زخمی بھی ہوئے۔
واقعہ پولیس سٹیشن لاچی کی حدود میں پیش آیا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورمقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی۔
جاں بحق افراد میں محمداسلام،محمد کلام، عبیداﷲ اور دو خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں محمدحسین ،امجد اقبال اور رفعت سلطانہ شامل ہیں۔ ضلع کرم سے دریائے کرم کے راستے پیدل پشاور جانےوالے تین افراد کو بگن میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع اورضلعی انتظامیہ کے مطابق پاراچنار سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد پشاور جا رہے تھے کہ بگن کے علاقے ڈاڈ قمر میں طاہر حسین ، سفر علی اور مزار حسین کو قتل کر دیا گیا، متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ مقتولین کی لاشیں پاراچنار پہنچا دی گئیں، لواحقین نے بتایا کہ مقتولین کے ویزے ایکسپائر ہو رہے تھے اور حکومت نے امن معاہدہ کیا تھا جس کی وجہ سے وہ پشاور جا رہے تھے۔
پاراچنار میں قتل کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ایڈیشنل کمشنر عامر نواز نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔شرقپور شریف میں غیرت کے نام پر بھائی نے فائرنگ کر کے بہن کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈھامکے کی 20 سالہ اقصیٰ چند روز قبل گھر سے بھاگ گئی تھی جسے پنچایت کے ذریعے گھر واپس لایا گیا ،
لڑکی کےبھائی اویس نے گھر آتے ہی اقصیٰ پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گئی ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش مردہ خانے منتقل کر دی۔



