ٹریفک حادثات میں ماں،شیرخوار سمیت 4افراد جاں بحق
لاہور میں ٹرک نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا، رکشے کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق،وزیر آباد میں کار، موٹرسائیکل میں تصادم، ماں اور شیرخوار جاں بحق، ایک زخمی
لاہور،وزیرآباد(بیوروچیف،نمائندہ سی این این اردوڈاٹ کام) لاہور کے علاقے گجر پورہ کرول گھاٹی کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا، متوفی کی شناخت 35 سالہ انصر بشیر کے نام سے ہوئی ہے۔
چوہنگ میں ملتان روڈ پکا میل کے قریب موٹر سائیکل رکشے نے راہگیر کو ٹکر ماری اور پیچھے سے آنے والے ٹرک نے اسے کچل دیا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا، متوفی کی شناخت 30 سالہ تیمور ولد شفیق کے نام سے ہوئی جو سیالکوٹ کا رہائشی تھا۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
وزیر آباد میں علی پور چٹھہ کے قریب موٹرسائیکل اور کار میں تصادم ہوا جس میں رضیہ بی بی اپنے چھ ماہ کے بچے سمیت جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کا سسر زخمی ہو گیا۔
ماں بچے کی لاشوں اور زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا گیا۔ کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔


