فیض فیسٹول کا آغاز ،شاندار خراج عقیدت پیش
لاہور:(اشفاق حسین)لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں فیض فیسٹول کا آغاز ہوگیا۔افتتاحی تقریب میں پروفیسر سلیمہ ہاشمی، چیئرمین الحمراء رضی احمد،ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء سید توقیر حیدر کاظمی،نندتا داس، مہتاب اکبر راشدی، اٹل تواری ودیگر نے اظہا رخیال کیا۔

لاہور: الحمرا آرٹس کونسل میں فیض فیسٹیول سے عدیل ہاشمی خطاب کررہے ہیں ،سلیمہ ہاشمی اور دیگر سٹیج پر بیٹھے ہیں
آمنہ علی نے نظامت کے فرائض ادا کئے ،عدیل ہاشمی نے فیض کے اشعار سے تقریب کا آغاز کیا،اس موقع پر منیزہ ہاشمی بھی موجود تھیں۔چیئرمین فیض گھر سلیمہ ہاشمی تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور فیض فیسٹیول کا حصہ بننے والوں کی بڑی تعداد کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین رضی احمد نے کہا کہ فیض احمد فیض کی شاعری رجحان ساز،روایت کی حیثیت اختیار کر چکی ہے،انکی شاعری کی لطف و لذت ٗ فیض احمد فیض کی شخصیت و زمانے کا پتہ دیتی ہیں۔
ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء توقیر حیدر نے اپنے تاثرات میں کہا کہ عوامی دلچسپی گواہ ہے کہ فیض کی شاعری میں میں عوامی جذبات کا اظہار ہے۔
فیض فیسٹیول میں الحمراء آرٹس کونسل کی عمار ت کو بہت خوبصورت سجا یا گیا ہے،تین روز تک تمام ہالز، ادبی بیٹھک، گیلریز، لانز ودیگر جگہوں پر پروگرامز جاری رہیں گے۔
مزید براں اٹل تواری نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے سب سے خوبصورت شہر ٗ لاہور میں آکر خوشی ہوتی ہے، لکھنئو سے اس شہر کے رہنے والوں کے لئے سلام لایا ہوں۔
نندتا داس نے کہا کہ فیسٹول کا لطف اٹھا رہی ہوں یہ نئے دوست بنانے کا موقع ہے۔واضح رہے فیسٹول میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہورہی ہے ۔



